پون کلیان ‘ تلگودیشم و بی جے پی کے آلہ کار : ہنمنت راؤ کا الزام
حیدرآباد /18 مارچ (سیاست نیوز) سکریٹری اے آئی سی سی و رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے سربراہ ٹی آر ایس پر دلت اور صدر تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو پر بی سی طبقات کو لالچ دکھاکر سیاسی فائدہ اٹھانے کا الزام عائد کیا۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سربراہ ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ نے علحدہ تلنگانہ کا پہلا چیف منسٹر دلت کو بنانے کا اعلان کیا تھا، تاہم علحدہ ریاست کی تشکیل کے بعد خود چیف منسٹر بننا چاہتے ہیں۔ انھوں نے صدر تلگودیشم کی جانب سے بی سی طبقہ کے قائد کو چیف منسٹر بنانے کے اعلان اور آر کرشنا کے نام پر غور کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ تلگودیشم میں موجود بی سی طبقات کی توہین ہے۔ انھوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اور تلگودیشم ووٹ بینک کیلئے ذات پات کی سیاست اپناکر پسماندہ طبقات اور دلتوں کو دھوکہ دے رہی ہیں، دونوں جماعتوں سے پسماندہ طبقات کو چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ فلم اسٹار پون کلیان کو تلگودیشم اور بی جے پی بلی کا بکرا بنا رہی ہیں۔ جونیر این ٹی آر کی جانب سے دوری اختیار کرنے کے بعد صدر تلگودیشم کو اپنی سیاسی بقا کیلئے فلم اسٹار کی ضرورت تھی، جو انھیں پون کلیان کی صورت میں مل گیا۔ انھوں نے کہا کہ فرقہ پرست بی جے پی اور تلگودیشم اقتدار کی بھوکی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ علاقہ تلنگانہ میں کانگریس مستحکم ہے، کوئی بھی اتحاد کانگریس کے سامنے ٹک نہیں پائے گا۔ انھوں نے کہا کہ 19 مارچ کو عنبرپیٹ کے رانا پرتاپ سنگھ ہال میں تلنگانہ کیلئے جان کی قربانی پیش کرنے والے طلبہ اور نوجوانوں کے ارکان خاندان کا اجلاس طلب کیا جا رہا ہے، جس میں مرکزی وزیر جے رام رمیش شرکت کریں گے۔