ٹی آر ایس اور بی جے پی کی حکومتیں مایوس کن : انجن کمار یادو

فرقہ پرستی کے خاتمہ کیلئے حلقہ پارلیمنٹ سکندرآباد سے کانگریس کو کامیاب بنانے کی اپیل
حیدرآباد۔/7 اپریل، ( سیاست نیوز) صدر حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی و امیدوار حلقہ سکندرآباد انجن کمار یادو نے آج اسمبلی حلقہ جات خیریت آباد و نامپلی کے مختلف علاقوں میں پدیاترا کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی ۔ کانگریس کو کامیاب بنانے پر ہر غریب شہری کے بینک اکاؤنٹ میں سالانہ 72 ہزار جمع کرنے کا وعدہ کیا۔ فرقہ پرستی کا خاتمہ کرنے کیلئے انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی عوام سے اپیل کی۔ گھر گھر پہنچ کر جہاں عوام سے ملاقات کی وہیں روڈ شو کرتے ہوئے عوام سے خطاب کیا۔ انجن کمار یادو نے ٹی آر ایس اور بی جے پی کے دور حکومت کو مایوس کن قراردیا اور کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے قائدین اپنے وعدوں پر عمل آوری میں ناکام ہوگئے ہیں۔ ترقی اور حکومت کی کارکردگی کو عوام کے سامنے پیش کرنے کے بجائے جملہ بازی اور نفرت انگیزی کے ذریعہ عوام کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔ کے سی آر نے 5 سال تک بی جے پی، مودی اور این ڈی اے حکومت کی تائید کی آج میچ فکسنگ کے ذریعہ بی جے پی اور ٹی آر ایس کے قائدین ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ لوک سبھا کے انتخابات میں اصل مقابلہ راہول گاندھی اور نریندر مودی کے درمیان ہے۔ ایک طرف سیکولرازم اور دوسری طرف فرقہ پرستی ہے۔ مودی نے جو بھی وعدے کئے ان کو پورا نہیں کیا جبکہ راہول گاندھی نے پورے کئے جانے والے وعدے ہی عوام کے سامنے کئے ہیں جس سے غربت کا خاتمہ ہوگا۔ بیروزگار نوجوانوں کو روزگار حاصل ہوگا،عوا م میں غیر یقینی کی جو صورتحال ہے وہ دور ہوجائے گی۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ حلقہ لوک سبھا سکندرآباد میں ٹی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان خفیہ اتحاد ہوچکا ہے۔