ٹی آر ایس ، جھوٹی باتوں سے پالامورو کے عوام کو فریب نہیں دے سکتی ۔ ڈی کے ارونا

حیدرآباد ۔ /9 ستمبر (این ایس ایس) یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ جھوٹ بولنے کی عادت ٹی آر ایس قائدین کے خون میں ہے گدوال کی رکن اسمبلی ڈی کے ارونا نے کہا کہ ٹی آر ایس قائدین جھوٹی باتوں سے پالامورو کے عوام کو بیوقوف نہیں بناسکتے ہیں ۔ آج یہاں گاندھی بھون میں میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے ارونا نے کہا کہ کلواکرتی پراجکٹ کو ستمبر 2012 ء میں کانگریس حکومت کی جانب سے شروع کیا گیا تھا لیکن وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ یہ تاثر دے رہے ہیں کہ گویا انہوں نے اس پراجکٹ کی تعمیر کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پالامورو ڈسٹرکٹ میں تقریباً تمام پراجکٹس کانگریس کے دور حکومت ہی میں مکمل کئے گئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہریش راؤ یہ کہتے ہوئے جھوٹے بیانات دے رہے ہیں کہ کانگریس پارٹی ناریل پھوڑنے تک محدود تھی ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت ایسے پراجکٹس کا افتتاح کرتے ہوئے ناریل پھوڑ رہی ہے جن کا افتتاح کانگریس دور حکومت میں ہوچکا تھا ۔