ٹی آرا یس حکومت عوامی فلاح و بہبود کے اسکیمات کے ساتھ گامزن

100 دن کے دوران کامیاب کارکردگی کا مظاہرہ ، پارٹی لیڈر پربھاکر کا بیان
حیدرآباد۔/9ستمبر، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل کے پربھاکر نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت عوامی فلاح و بہبود کے مقصد کے تحت مختلف اسکیمات کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ تلنگانہ بھون میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کے پربھاکر نے ٹی آر ایس حکومت کے 100دن کی تکمیل کو کامیاب کارکردگی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سو دن کی حکمرانی میں کے سی آر کی زیر قیادت حکومت نے عوام کی بھلائی کے سلسلہ میں کئی اہم قدم اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنے پہلے کابینی اجلاس میں غریبوں اور کمزور طبقات کی بھلائی کے سلسلہ میں اہم فیصلے کئے اور ان پر عمل آوری کی تیاری کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں اور درج فہرست قبائل کو تحفظات کی فراہمی کے علاوہ غریبوں کو اراضی اور مکان کی فراہمی جیسی اہم اسکیمات کا آغاز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکیمات کے فوائد حقیقی مستحقین تک پہنچانا حکومت کا مقصد ہے اس کے لئے تلنگانہ کے تمام اضلاع میں جامع سماجی سروے کا اہتمام کیا گیا تاکہ عوامی اسکیمات کے فوائد سے غیر مستحق افراد کو علحدہ کیا جاسکے۔ پربھاکر نے کہا کہ عوام چندرشیکھر راؤ حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور انہیں یقین ہے کہ کے سی آر کی قیادت میں ہی سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کا خواب پورا ہوگا۔ حکومت کے سو دن کی تکمیل پر چندر شیکھر راؤ اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے پربھاکر نے کہا کہ تلنگانہ کی ممتاز شخصیت کالوجی نارائن راؤ کی یوم پیدائش تقاریب کے ذریعہ حکومت نے 100دن کی تکمیل کی ہے جو خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو قرضوں کی معافی اور زرعی شعبہ کیلئے مناسب برقی کی سربراہی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ حکومت آئندہ دو برسوں میں تلنگانہ کو برقی کے شعبہ میں خود مکتفی بنانے کا تہیہ کرچکی ہے جس کے بعد برقی بحران کی یکسوئی ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آندھرائی حکمرانوں نے گزشتہ 60برسوں میں تلنگانہ کے ساتھ جو ناانصافیاں کیں ان کا ازالہ کے سی آر کی قیادت میں ٹی آر ایس حکومت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی 14برسوں کی مسلسل جدوجہد کے سبب ہی علحدہ تلنگانہ ریاست حاصل ہوئی ہے۔ پربھاکر نے میدک لوک سبھا حلقہ کے ضمنی چناؤ میں ٹی آر ایس امیدوار پربھاکر ریڈی کی کامیابی کو یقینی قرار دیا اور کہا کہ بی جے پی اور کانگریس کو عوامی تائید ہرگز حاصل نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی سے مطمئن میدک کے عوام ٹی آر ایس امیدوار کو بھاری اکثریت سے منتخب کریں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کانگریس، تلگودیشم اور بی جے پی کے پروپگنڈہ کا شکار نہ ہوں۔