حیدرآباد9دسمبر(یواین آئی)تلنگانہ کانگریس کے سینئر لیڈر پونم پربھاکر نے دعوی کیا ہے کہ ریاست کے کارگزار وزیرانفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راو کے 100نشستیں ملنے کے دعوے کے برخلاف تلنگانہ کی حکمران جماعت ٹی آرایس کو ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں 10نشستیں بھی نہیں ملیں گی ، مسٹر پربھاکر نے کریم نگر ضلع میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ریاست میں کانگریس پارٹی کے موافق لہر پائی جاتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ستمبر میں ریاستی اسمبلی کو تحلیل کرنے والے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو نے ہنوز وقت سے پہلے اسمبلی تحلیل کرنے کی وجہ نہیں بتائی ہے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ ٹی آرایس نے کانگریس کے ہی منشور میں ترمیم کرتے ہوئے اسے اپنے منشور کے طورپر پیش کیا ہے ۔کے چندرشیکھرراو نے جو عوام سے وعدے کئے تھے ، ان وعدوں کو پورا کرنے میں سنجیدگی کااظہار نہیں کیااسی لئے انتخابی مہم کے دوران ٹی آرایس کے تقریبا30تا40امیدواروں کو عوامی برہمی اور رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا۔