نئی دہلی ۔28ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سی بی آئی کی جانب سے مبینہ طور پر ’’ ٹکیٹنگ اسکام ‘‘ کے منظر عام پر لانے کے بعد وزیر ریلوے پیوش گوئل نے آئی آر سی ٹی سی اور سنٹر فار ریلوے انفارمیشن سسٹم کو مزید مستحکم کرنے کی ہدایت جاری کردیا ہے ۔ قبل ازیں جاریہ ہفتہ سی بی آئی نے اپنے ہی اینٹی کرپشن ڈیویژن کے ایک ایسے سافٹ ویر پروگرامر کو گرفتار کیا ہے جو سابق میں انڈین ریلوے کیٹیرنگ اینڈ ٹورازم کارپوریشن ( آئی آر سی ٹی سی ( کا سابق میں ملازم رہ چکا ہے ۔ متعلقہ عہدیداروں نے ذارئع ابلاغ کو بتایا کہ مذکورہ گینگ کی جانب غیر قانونی طریقہ سے چلائے جارہے سافٹ ویر پروگرامنگ کے ذریعہ محض ایک کلک پر سینکڑوں تتکال ٹکٹس بک کئے جارہے تھے جس سے ریلوے کو لاکھوں کا نقصان ہورہا تھا ۔ سی بی آئی ترجمان ابھیشیک دیال نے بتایا کہ سی بی آئی نے اپنے اسسٹنٹ پروگرامر اجئے جارج اور انیل گپتا کو غیرقانونی سافٹ ویر پروگرام ڈیولپ کرنے اور اسے ایک مخصوص قیمت پر دوسروں کو فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے ۔ ایک خفیہ اطلاع موصول ہونے کے بعد کہ غیرقانونی طریقہ سے ریلویز کے تتکال سسٹم کا استعمال کرتے ہوئے غیرقانونی ٹکٹس بک کئے جارہے ہیں جس کے بعد خاموشی سے اس کی تحقیقات شروع کی گئی ‘ تاہم سی بی آئی کو اس وقت حیرانی کا سامنا کرنا پڑا جب انہیں پتہ چلا کہ اس غیرقانونی تتکال اسکام کے پیچھے خود اسی کے ملازمین کا ذہن کارفرما ہے ۔اس کے علاوہ اس معاملہمیں مزید افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جو اس اسکام میں ملوث بتائے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کی جانب سے اس حوالے سے پہلے ہی مہم چلائی جارہی ہے جس میں بغیر ٹکٹ کے سفر اور غیرقانونی ٹکٹ بکنگ شامل ہے ۔ جس کی وجہ سے ٹکٹوں کی مصنوعی قلت پیدا ہوگئی ہے ۔وزیر ریلوے پیوش گوئل نے اب حکم جاری کیا ہے کہ مذکورہ مہم کو متواتر جاری رکھا جائے تا کہ حقیقی مسافرین کو ہونے والی پریشانیوں سے نجات دلایا جاسکے ۔ مذکورہ عہدیدار نے بتایا کہ مذکورہ ایجنٹ کی جانب سے جو غیرقانی طور پر جو ٹکٹ بک کئے جاتے تھے اس کی قیمت بٹ کوئن اور حوالہ کے ذریعہ حاصل کی جاتی ہے تاکہ جانچ پڑتال سے بچا جاسکے ۔ اب تک اس معاملہ میں 10ایجنٹس جن میں سے 7کا تعلق جوون پور اور 3کا تعلق ممبئی سے ہے ملوث پائے گئے۔