ٹیکس چوری سے بچنے کے الزام پر گیلانی کا مکان قرق

نئی دہلی ۔ یکم اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) محکمہ انکم ٹیکس نے کٹر کشمیری علحدگی پسند لیڈر سید علی شاہ گیلانی کے ایک مکان واقع دہلی کو قرق کرلیا ہے ۔ یہ اقدام اُن کے خلاف 3.62 کروڑ روپئے کی ٹیکس چوری کے سلسلے میں کیا گیا ۔ نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو دستیاب ایک حکمنامہ میں کہا گیا کہ گیلانی کا فلیٹ جنوبی دہلی کے مالویہ نگر میں واقع کھڑکی ایکسٹنشن محلہ میں واقع ہے ۔ ڈپارٹمنٹ کے ٹیکس ریکوری آفیسر نے مکان کو مہربند کردیا جبکہ گیلانی مبینہ طورپر تخمینی سال 1996-97 سے 2001-02 تک3,62,62,160 روپئے انکم ٹیکس کے مد میں ادائیگی میں ناکام رہے ۔ محکمہ نے یہ کارروائی آئی ٹی ایکٹ کے سیکشن 222 کے تحت کی ہے ۔ اس ضمن میں حکمنامہ محکمہ کی جانب سے 29 مارچ کو جاری کیا گیا تھا ۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے گزشتہ ماہ گیلانی پر 14.40 لاکھ روپئے کا جرمانہ عائد کیا تھا ۔