ٹیکس دہندگان کو ڈپازٹس کی ای تصدیق کی تاکید

نئی دہلی ۔ 2 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) چونکہ محکمہ انکم ٹیکس ٹیکس چوری کرنے والوں کو پکڑنے کیلئے وسیع تر مواد کا استعمال کرتا ہے، اس لئے محکمہ نے ٹیکس ادا کرنے والوں کو مابعد نوٹ بندی تناظر میں اپنے کھاتوں میں آن لائن ڈپازٹس کی تصدیق کرلینے کیلئے کہا ہے اور کسی بھی نوعیت کی غلطی پائے جانے پر سوالات کا تشفی بخش جواب دینے کی درخواست کی ہے۔ محکمہ انکم ٹیکس بڑی قدر والی بینک نوٹوں کی منسوخی سے متعلق 8 نومبر کے فیصلہ کے بعد کئے گئے ڈپازٹس کے تقابل کیلئے ڈاٹا انالیٹکس کو بروئے کار لارہا ہے جس سے پتہ چلانے کی کوشش کی جارہی ہیکہ کن ٹیکس دہندگان کے لین دین ان کے ٹیکس ادائیگی کے خاکہ کے ساتھ مطابقت میں نہیں ہے۔ محکمہ نے غیرضروری ہراسانی سے بچنے کی کوشش میں ایسے لین دین کی آن لائن تصدیق کی سہولت رکھی ہے تاکہ ٹیکس ادا کرنے والوں کو سہولت ہو۔ اس ضمن میں ایک یوزر گائیڈ بھی متعارف کرائی گئی ہے، جس کے مطابق کیش ڈپازٹس کے بارے میں معلومات https://incometaxindiaefiling.gov.in پر پیان ہولڈر کے ای فائلنگ گوشہ میں لاگ ان کے بعد آن لائن تصدیق کیلئے دستیاب ہے۔