ٹیکسٹائیل پارک کے جلد قیام کیلئے حکومت سنجیدہ

اضلاع ورنگل اور میدک میں حصول اراضی کیلئے منصوبہ کی تیاری
حیدرآباد۔ 4اکٹوبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ ریاست میں دو ٹیکسٹائیل پارک کے قیام کیلئے سنجیدہ اقدامات میں مصروف ہے۔ ریاست کے دو اضلاع ورنگل اور میدک میں ریاستی حکومت نے ٹیکسٹائیل پارک کے قیام کے سلسلہ میں اقدامات کا آغاز کر دیا ہے اور توقع کی جا رہی ہے دونوں اضلاع میں ٹیکسٹائیل پارک بہت جلد کارکرد ہو جائیں گے۔ حکومت کے منصوبہ کے مطابق ٹیکسٹائیل پارک کے قیام کے ذریعہ ان میں تیار کردہ پلاٹس کی سرمایہ کاروں کو فروخت عمل میں لائی جائے گی اور ان پلاٹس پر پارچہ کی صنعتوں کے قیام کو منظوری دی جائے گی۔ ضلع میدک میں قائم کئے گئے ٹیکسٹائیل پارک میں پارچہ صنعت سے وابستہ سرمایہ کاروں کو پلاٹس کی فروخت بھی شروع کر دی گئی ہے اس سلسلہ میں گذشتہ یوم منعقدہ ایک اجلاس کے دوران خریداروں کو صلاح دی گئی کہ وہ جلد از جلد اپنی صنعتوں کے آغاز کو یقینی بنائیں تاکہ ٹیکسٹائیل پارک مکمل طور پر کارکرد ہو سکے۔ پاشہ میلارم ٹیکسٹائیل پارک میں حکومت کی جانب سے 88صنعتوں کے لئے پلاٹس تیار کئے گئے ہیں اور ان میں 67پلاٹس کی فروخت بھی عمل میں لائی جا چکی ہے جبکہ 21ابھی تک مخلوعہ ہیں۔ عہدیداروں کے بموجب اس پراجکٹ میں کئی کمپنیوں نے پیداوار بھی شروع کردی ہیں لیکن بعض کمپنیوں کے صنعتی ڈھانچہ تیار ہو رہے ہیں لیکن اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ جلد از جلد شہر کے قریب شروع ہونے والے اس پراجکٹ کو مکمل طور پر شروع کیا جا سکے۔محکمہ صنعت کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ریاست میں ان دو ٹیکسٹائیل پارک کے آغاز کے بعد حالات یکسر تبدیل ہو جائیں گے اور ریاست میں ہمہ اقسام کے پارچہ ٔ جات کی صنعتیں قائم ہوں گی جس کے ذریعہ ملازمت کے مواقع پیدا ہونے کے علاوہ یہ دو ٹیکسٹائیل پارک ریاست کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ ضلع ورنگل میں چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے مدی کنڈہ میں ٹیکسٹائیل پارک کے قیام کا اعلان کیا اور کہا تھا کہ ورنگل میں 2500تا 3000ایکڑ اراضی پر محیط ٹیکسٹائیل پارک قائم کیا جائے گا اور اس پارک کے قیام سے ریاست تلنگانہ میں شولا پور اور سورت جیسی کپڑے کی صنعت شروع ہوگی۔ چیف منسٹ کے اس اعلان کے سلسلہ میں عملی اقدامات کا آغاز کیا جا چکا ہے اور اب ورنگل میں اراضیات کے حصول کیلئے رقومات کی اجرائی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ضلع ورنگل میں قائم کئے جانے والے ٹیکسٹائیل پارک کے سلسلہ میں ارضیات کے حصول کیلئے حکومت نے ضلع کلکٹر کو 300کروڑ روپئے کی رقومات جاری کر دی ہیں اور محکمہ ٔ مال کی جانب سے کی جانے والی اس کاروائی کے دوران زائد از ایک ہزار ایکڑ اراضی کے حصول کا منصوبہ ہے جبکہ مدی کنڈہ میں حکومت کے پاس 2000ایکڑ کے قریب اراضی موجود ہے لیکن اس وسیع و عریض ٹیکسٹائیل پارک کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کیلئے یہ اراضی کافی نہیں ہے اسی لئے اطراف و اکناف کے علاقو ں میں موجود خانگی زرعی و غیر زرعی اراضیات کے حصول کا منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے۔باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ورنگل میں اس پارک کے قیام کیلئے حکومت پارچہ صنعت سے وابستہ سرکردہ کمپنیوں سے تعاون حاصل کیا جار ہاہے ۔ ذرائع کے بموجب اس سلسلہ میں کئی کمپنیوں نے اپنے تعاون کی پیشکش بھی کی ہے اور اس ٹیکسٹائیل پارک کے قیام و ترقی کیلئے صنعتوں کے آغاز کی یقین دہانی بھی کروائی ہیں اسی لئے حکومت کی جانب سے اس پراجکٹ کے عاجلانہ آغاز پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔