ٹیکساس میں خاکستر مسجد کی تعمیر کیلئے 780,000 کے عطیات

ہوسٹن ۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی ریاست ٹیکساس کے علاقہ وکٹوریہ میں ہفتہ کی صبح اتفاقی حادثہ میں خاکستر ہونے والی مسجد کی دوبارہ تعمیر کے لئے عطیات کی آن لائن وصولی سے 780,000 امریکی ڈالر وصول ہوئے ہیں، جس سے اس شہر اور دیگر علاقوں کے عوام کے جذبہ خیرسگالی کا اظہار ہوا ہے۔ ہوسٹن سے 185 کیلو میٹر دور وکٹوریہ سٹی میں اسلامی مرکز ہفتہ کی صبح آتشزدگی کے سبب خاکستر ہوگیا تھا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سات مسلم ممالک سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے امریکہ میں داخلہ پر امتناع کے حکمنامہ کا اعلان کررہے تھے۔ تاہم مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے اس مسجد میں جمع ہوکر مقامی مسلمانوں سے خیرسگالی کا اظہار کیاور عطیات کی پیشکش کی۔ عیسائیوں کے چار گرجاگھروں اور یہودیوں کے ایک کنیسہ نے مقامی مسلمانوں سے یگانگت کا اظہار کرتے ہوئے اس مسجد کی دوبارہ تعمیر تک اپنے پاس نمازیں ادا کرنے کی دعوت دی ہے۔