ٹیکساس میں اسلامی کمیونٹی سنٹر جل کر خاکستر

واشنگٹن۔ 14 فبروری۔(سیاست ڈاٹ کام)ٹیکساس میں واقع اسلامی کمیونٹی سنٹر کی عمارت آگ لگنے کے نتیجے میں تباہ ہو گئی۔ آگ کی وجہ سے کمیونٹی سنٹر کے گودام والا حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ امریکی وفاقی عہدیدار آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ چلارہے ہیں۔ ہوسٹن فائر ڈپارٹمنٹ کے پبلک انفارمیشن آفیسر کینیاٹا پارکر نے عمارت میں آتشزدگی کی تصدیق کی۔ آتشزدگی کے وقت عمارت میں کوئی شخص موجود نہیں تھا۔ ابھی اس واقعہ سے متعلق کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ہے اور آگ لگنے کی تحقیقات جاری ہیں۔ ’’پارکر نے کمیونٹی سنٹر میں موجود مسجد کے امام اور ان کے بیٹے کے بیان پر تبصرے سے گریز کیا جس میں انھوں کمیونٹی سینٹر میں آگ کو مذہبی منافرت کا شاخسانہ قرار دیا تھا‘‘۔کمیونٹی سنٹر کے فیس بک پیج پر جاری کردہ ایک بیان میں اس واقعہ کو انتہائی افسوسناک قرار دیا گیا۔ بیان میں بتایا گیا صبح تقریبا 5 بجے کے قریب ہمارے سنٹر کی تیسری عمارت میں آگ لگ گئی۔

آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ عمارت پوری طرح جل گئی اور اس میں موجود تقریبا تمام سامان جل کر خاکستر ہو گیا‘‘۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ آگ کسی شخص کی جانب سے شروع کی گئی تھی۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ یہ آگ کس نے لگائی۔ مگر تحقیقات کرنے والے عہدیداروں نے یہ بات واضح کر دی ہے کہ یہ آگ حادثاتی طور پر لگائی نہیں گئی تھی۔’اے بی سی نیوز‘ نے مقامی مسلمانوں کے حوالے سے بتایا کہ انہوں نے سنٹر کے پاس ایک مشتبہ شخص کو دیکھا تھا۔کمیونٹی سنٹر کی مسجد کے امام نے بتایا ’’میرا بیٹا یہاں سے گزر رہا تھا اور کوئی شخص سفید گاڑی میں بیٹھا ہوا مذاق اڑا رہا تھا اور نعرے لگا رہا تھا‘‘۔ قبا اسلامی سنٹر تین عمارتوں پر مشتمل ہے اور اس میں نمازوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ تعلیمی سرگرمیاں چلائی جاتی ہیں ۔ یہ واقعہ امریکہ میں کشیدہ ماحول کے درمیان وقوع پذیر ہوا ہے جب اسی ہفتے تین مسلمانوں کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا۔