ٹیکساس ریسٹورنٹ میں بائیکر ٹولیوں کی جھڑپ ، 9 ہلاک

ہوسٹن ۔ 18 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی شہر ٹیکساس میں ہندوستانی نژاد شخص کے چلائے جارہے مشہور اسپورٹس بار میں دو بائیکر گینگ میں جھڑپ ہوگئی جس میں تقریباً 9 افراد ہلاک ہوئے۔ پولیس نے بتایا کہ 8 بائیکرس برسرموقع ہلاک ہوگئے۔ یہ واقعہ وٹیکومین ٹوئن پیکس ریسٹورنٹ میں پیش آیا۔ ایک اور زخمی ہاسپٹل میں جانبر نہ ہوسکا۔ حکام نے صورتحال کا اندازہ کرتے ہوئے پہلے ہی ریسورنٹ کے قریب پولیس کو تعینات کردیا تھا۔ یہاں لنچ کے اوقات میں ہجوم بہت زیادہ رہتا ہے۔ وٹیکو پولیس سارجنٹ پیٹرک سوانٹن نے بتایا کہ تقریباً پانچ حریف ٹولیاں ریسٹورنٹ میں میٹنگ کیلئے جمع ہوئی۔ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا کہ پہلے ہاتھ روپ میں تنازعہ پیدا ہوا جس میں چاقو اور آتشیں اسلحہ استعمال کیا گیا۔ اس کے فوری بعد لڑائی ریسٹورنٹ کے پارکنگ مقام منتقل ہوگئی۔ اس وقت ریسٹورنٹ میں 150 تا 200 ٹولی ارکان موجود تھے۔ بائیکرس نے ایک دوسرے اور آفیسرس پر گولیاں چلائی۔ آفیسرس نے بھی جوابی فائرنگ کی۔ سوائنٹن نے کہاکہ انہوں نے اپنی 34 سالہ سرویس میں پہلی مرتبہ اس طرح کا افسوسناک واقعہ دیکھا۔ ریسٹورنٹ میں ہر جگہ نعشیں، گولیوں کے نشانات، چاقو، ہتھیار، ٹوٹے ہوئے شیشے اور خون کے نشانات نظر آرہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ 18 زخمیوں کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ تقریباً 100 افراد کو حراست میں لیکر پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔