ٹیچرس کے تقررات کیلئے جاب میلہ کا انعقاد

حیدرآباد 31 مئی (سیاست نیوز) نئے تعلیمی سال کے آغاز پر تقریباً ہر اسکول کو ٹیچر کی ضرورت ہوتی ہے اور کئی ٹرینڈ اور اَن ٹرینڈ تجربہ کار اور بغیر تجربہ کے امیدوار (مرد / خاتون) اسکولس میں مختلف مضامین کے درس کیلئے مساعی کرتے ہیں۔ ایسے وقت ٹیچرس جاب میلہ کا انعقاد ہر دو کی ضرورت کی تکمیل کرتا ہے جہاں اسکولس کو ٹیچرس مہیا ہوتے ہیں وہیں پر متلاشیان روزگار امیدواروں کو ٹیچرس کی ملازمت مل جاتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر عبدالرحمن سابق ڈپٹی اگریکلچر یونیورسٹی نے یہاں رائل ریجنسی گارڈن میں ادارہ سیاست کے اشتراک سے منعقدہ ٹیچرس جاب میلہ کی افتتاحی تقریب میں کیا۔ جناب فیصل بن علی منیجنگ پارٹنر رائل ریجنسی گارڈن نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور کسی بھی قسم کے ملی کام کیلئے اپنے مکمل تعاون کا پیشکش کیا۔ جناب منظور احمد جوائنٹ سکریٹری مسلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اس موقع پر مسلم ٹرینڈ فیرس کے انعقاد پر زور دیا۔ جناب احمد بشیرالدین فاروقی ریٹائرڈ ڈپٹی ایجوکیشنل آفیسر نے اس موقع پر اساتذہ کی اہمیت، تدریس کے طریقے اور نئے درسی کتب کے نصاب سی سی ای کے حوالہ سے توسیعی لکچر دیتے ہوئے کہاکہ تدریس ایک ایسا عمل ہے جس سے کوئی فرد زندگی بھر سیکھ سکتا ہے۔ ایک اچھا استاد بننے کے لئے جو ضروریات ہیں اس کو پورا کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر نعیم اللہ شریف نے کارپوریٹ اسکول، ماڈل اسکول، حکومت کے ریزیڈنشیل اسکولس کستور بالیکا ودیالیہ کے ساتھ بیرون ممالک انڈین ایمبیسی اسکولس میں ٹیچرس کی ضرورت کی تفصیلات بتائی اور ٹرینڈ ٹیچرس کو مشورہ دیاکہ اپنی پوزیشن کو اور اچھا کرنے کیلئے مساعی کریں۔ اس موقع پر تلنگانہ میں آئندہ ٹیچرس کے تقررات کے لئے ہونے والے ڈی ایس سی ٹسٹ امتحانات کی مشق اور تلنگانہ نالج ٹسٹ کیلئے ایم اے حمید کیرئیر کونسلر نے تمثیلی امتحان رکھتے ہوئے امتحانی پرچے کے نمونے سے واقف کروایا۔ 800 سے زائد ٹرینڈ اور اَن ٹرینڈ ٹیچرس جو حیدرآباد کے نئے شہر اور پرانے شہر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھتے تھے اپنے بائیو ڈاٹا داخل کرتے ہوئے انٹرویو دیا۔ اسکولس جنھوں نے شرکت کی نیو روزری اسکول، ویژنری اسکول، امام بخش، اسٹارم فورٹ، جاسمین اسکول، انٹرنیشنل اسکول شامل ہیں۔