مولانا آزاد اردو یونیورسٹی میں انتخابی جلسہ ، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد۔یکم مارچ(سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ الحاج محمدمحمودعلی نے مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی کے تدریسی عملے سے ملاقات کرتے ہوئے قانون ساز کونسل انتخابات میںحیدرآباد رنگا ریڈی اور محبو ب نگر سے ٹیچر س زمرے کے ٹی آ رایس پارٹی امیدوار جناردھن ریڈی کے حق میںاپنے ووٹ کے استعمال کی اپیل کی ۔ آج یہاں مانومیں تدریسی عملے کی کثیرتعداد سے خطاب کرتے ہوئے جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ شعبہ تعلیم اور ٹیچرس کے فروغ کے لئے حکومت تلنگانہ کے اقدامات ناقابلِ فراموش ہیں۔انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کے تعلیمی شعبہ کو سالوں تک نظر انداز کیاجاتا رہا ہے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس پارٹی برسراقتدار آنے کے بعدسے ریاست کے شعبہ تعلیم کو فروغ دینے کی مسلسل کامیاب کوششیں کی جارہی ہیں۔ جناب محمدمحمودعلی نے کہاکہ ٹیچرس زمرہ سے ٹی آرایس پارٹی نے جناردھن ریڈی کو اپنا امیدوار بنایا ہے جو تعلیم سے جڑے ہوئے شخص ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ٹیچرس کے مسائل کو ایوان میںکامیابی کے ساتھ پیش کرتے ہوئے اس کے حل کو یقینی بنانے کے ہنر سے بھی وہ واقف ہیں۔ اس موقع پر حیدرآباد میں ٹی آر ایس پارٹی امیدوار کے حق میںتائیدی مہم چلانے کے لئے تشکیل دی گئی کمیٹی کے صدر محمد امیر حسین ‘ محمد شریف الدین ‘ خواجہ عارف الدین‘ محمد ربانی ‘ جناب محمد باسط‘ محمد مسیح اللہ ‘ارشد علی خان‘ شیخ صالح بھی موجودتھے۔