ٹیچرس تقررات کیلئے ضلع واری سطح سے علیحدہ درخواستیں داخل کرنے کی ضرورت نہیں

آن لائن سے ایک ہی فارم داخل کریں، دفتر سیاست پر لیکچر، ماہرین تعلیم کا خطاب
حیدرآباد 5 نومبر (سیاست نیوز) ٹیچرس کے تقررات کیلئے اب ڈی ایس سی کے بجائے ٹی آر ٹی ٹیچرس رکروٹمنٹ ٹسٹ ہورہا ہے جو تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کے تحت ہوگا۔ اب امیدواروں کو ہر ضلع سے الگ الگ فارم داخل کرنے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ ریاست تلنگانہ کے لئے ایک ہی فارم وہ بھی آن لائن داخل کرنا ہوگا۔ ان معلومات کو دفتر سیاست کے محبوب حسین جگر ہال عابڈس میں ٹیچرس کے گائیڈنس پروگرام میں مسٹر عبدالرشید لکچرر ڈائٹ ناگارم نے توسیعی لیکچر دیتے ہوئے کیا اور کہاکہ آن لائن رجسٹریشن میں ابھی تاخیر ہورہی ہے امکان ہے کہ کچھ تبدیلیاں کی جائے۔ بی کام امیدواروں اور ٹٹ میں ناکام طلبہ میں بڑی بے چینی ہے۔ آن لائن فارم داخل کرنے سے قبل امیدوار تمام ہدایات اور رہنمایانہ نکات کا بغور مطالعہ اور مشاہدہ کرلیں۔ جنرل نالج، تلنگانہ کی معلومات اور تعلیمی اُمور پالیسی کے لازمی سوالات تمام امیدواروں کیلئے ہیں۔ مسٹر رشید نے اپنے توسیعی لکچر میں تعلیم کے فلسفہ کو زمانہ قدیم سے آج تک کا احاطہ کیا اور امیدواروں پر زور دیا کہ وہ دوران ٹریننگ ڈی ایز، بی ایڈ، یو پی ٹی ایس جو تعلیمی فلاسفی ہے اس سے متعلق 32 سوالات کے 16 نشانات ہوتے ہیں۔ ایم اے حمید نے ٹرینڈ امیدواروں کو مشورہ دیا کہ وہ آن لائن کے آغاز تک انتظار کرتے ہوئے تعلیمی قابلیت / اہلیت کو ملاحظہ کرتے ہوئے فارم داخل کریں۔ ادارہ سیاست کے تحت اس کی رہنمائی اور نوٹس کے ساتھ گائیڈنس لکچر رہے گا۔