ٹیپو سلطان کی جھانکی سوشیل نٹ ورکنگ سائٹ پر موضوع بحث

نئی دہلی ۔ 27 جنوری ۔ (سیاست ڈاٹ کام) یوم جمہوریہ کے موقع پر پریڈ میں حکومت کرناٹک نے 18 ویں صدی کے حکمراں ٹیپو سلطان کے دور پر مبنی جھانکی پیش کی تھی ۔ اب سوشیل نٹ ورکنگ سائیٹس پر یہ ایک گرما گرم موضوع بن چکا ہے ۔ کئی لوگوں نے حکومت کی جانب سے ٹیپو سلطان کے اس یادگار دور کو تازہ کرنے کا خیرمقدم کیا جبکہ بعض نے مخالفت کرتے ہوئے تنقیدیں بھی کی ہیں۔ راجپتھ پر کل ٹیپو سلطان کے دور پر مبنی جھانکی پیش کرتے ہوئے اُنھیں ایک ہیرو قرار دیا گیا

جو انگریزوں کے ساتھ لڑائی لڑتے ہوئے شہید ہوئے ۔ ٹوئیٹر پر بعض تنقید نگاروں کا یہ موقف ہے کہ ٹیپو سلطان کو اس طرح خراج پیش کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے کیونکہ وہ کئی لوگوں کی ہلاکت کے ذمہ دار ہیں۔ دوسری طرف بعض لوگوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ حکومت کرناٹک نے تاریخ کے عظیم دور کی یاد تازہ کردی ۔ بعض نے کہا کہ تاریخ کے اسباق سے ہمیں بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے ۔