امیدواروں کو تیاری جاری رکھنے کا مشورہ، دفتر سیاست میں معلوماتی سشن
حیدرآباد ۔ یکم مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ کا پہلا ٹیٹ کس تاریخ کو ہوگا ابھی یہ سوالیہ نشان ہے۔ ٹیچرس کے اہلیتی امتحان کے بار بار التواء سے جہاں امیدواروں میں اضطرابی کیفیت ہے وہ نہ صرف برقرار ہے بلکہ مزید بڑھ رہی ہے جب یکم مئی کو ہال ٹکٹ کی اجرائی اور تاریخ امتحان کے اعلان کے بعد بھی ٹیٹ ملتوی ہوگیا۔ ان امیدواروں کے لئے دفتر سیاست کے محبوب حسین جگر ہال میں ایک معلوماتی سشن کا انعقاد عمل میں آیا اور طلبہ کو مشورہ دیا گیا کہ وہ امتحان کی تیاری جاری رکھیں۔ التواء سے پریشان نہ ہوں اور اپنی تیاری کو ختم نہ کریں۔ ٹیٹ امتحان میں کامیابی کے بعد امیدوار ڈی ایس سی کیلئے اہل ہوتے ہیں اور ان کے محصلہ نشانات 20 فیصد بطور ویٹیج شمار ہوتے ہیں۔ ان معلومات کو ماہرین نے یہاں بتلایا جس میں جناب کلیم صدیقی جمیل تعلیمی نفسیات بچوں کی نشوونما پر جناب خواجہ علی شعیب سکریٹری ماسٹر مائنڈ ایجوکیشن اینڈ ویلفیر سوسائٹی اور ایم اے حمید نے کیا۔ لمحہ آخر میں امتحان کے التواء کی وجہ طلبہ کی تعلیم اور تیاری پر منفی اثر پڑا ہے لیکن اس کو غنیمت جان کر مزید دیئے گئے ایام کا استعمال کریں۔ ٹیٹ کی تاریخ 14 مئی کو رکھنا طے کیا جارہا ہے لیکن اس کا آج کل میں قطعی طور پر اعلان کیا جائے گا۔ حکومت 20 مئی سے قبل بہر قیمت اس امتحان کو منعقد کرنے کا اعلان کیا۔ اس سشن میں امیدواروں نے سوالات کئے۔ محمد معز نے شکریہ ادا کیا۔