ٹیٹ اور ڈی ایس سی امتحان کا علحدہ انعقاد

ڈی ایڈ اور بی ایڈ امیدواروں کو شرکت کی اجازت نہ ہوگی
حیدرآباد ۔ یکم ؍ ڈسمبر (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ اساتذہ کا اہلیتی امتحان TET اور اساتذہ کے تقرر کیلئے ہونے و الے امتحان ڈی ایس سی کا علحدہ علحدہ انعقاد عمل میں لائے گی۔ کافی دنوں سے جاری یہ تعطل ریاستی وزیرتعلیم مسٹر کڈیم سری ہری نے ختم کرتے ہوئے کہاکہ قومی کونسل برائے تعلیم اساتذہ کی جانب سے جاری کردہ رہنمایانہ خطوط کے مطابق امتحانات منعقد کئے جائیں گے۔ TET اور DSC کا یکساں انعقاد اساتذہ کے تقررات میں قانونی رکاوٹ کا باعث بن سکتا ہے اسی لئے حکومت نے عہدیداروں سے مشاورت کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا ہیکہ دونوں امتحان علحدہ منعقد کئے جائیں اور ان امتحانات میں سال آخر کے D.Ed اور B.Ed کے امیدواروں کو شرکت کی اجازت نہ دی جائے۔ مسٹر کڈیم سری ہری کے بموجب TET امتحان کامیاب کرنے والوں کو تقررات کے وقت 20 فیصد ویٹیج نشانات فراہم کئے جائیں گے جبکہ تقررات کیلئے امیدواروں کو TET کے علاوہ DSC امتحان تحریر کرنا ضروری ہوگا۔ ٹیٹ امتحان کے انعقاد کی تاریU کا حکومت نے اعلان کردیا ہے اور یہ امتحان 24 جنوری 2015ء کو منعقد ہونے جارہے ہیں۔ ان امتحانات میں شرکت کیلئے رجسٹریشن کا آغاز اندرون دو یوم ہونے کا امکان ہے۔ اساتذہ کے تقررات کیلئے DSC امتحانات میں شرکت لازمی ہے جبکہ TET امتحان میں شرکت و کامیابی کی صورت میں امیدوار کو تقررات کے دوران 20 فیصد ویٹیج نشانات حاصل ہوں گے۔ بتایا جاتا ہیکہ حکومت نے دونوں امتحانات کو علحدہ منعقد کرنے کا فیصلہ کرنے سے قبل تمام قانونی امور کا جائزہ لیا ہے اور اس نتیجہ پر پہنچی ہیکہ دو امتحانات کا انعقاد نیشنل کونسل فار ٹیچرس ایجوکیشن کے اصولوں کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔ اسی لئے دونوں امتحانات علحدہ منعقد کئے جائیںگ ے۔ ریاستی وزیرتعلیم مسٹر کڈیم سری ہری کی جانب سے اس تعطل کو ختم کئے جانے کے بعد کئی امیدواروں نے راحت کی سانس لی ہے جوکہ دونوں امتحانات کے یکساں منعقد کئے جانے کی شدت سے مخالفت کررہے تھے۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ریاستی حکومت TET کے انعقاد کے فوری بعد DSC کیلئے اعلامیہ کی اجرائی کا منصوبہ تیار کررہی ہے تاکہ آئندہ تعلیمی سال کے آغاز سے قبل تقررات کے عمل کو مکمل کیا جاسکے۔