ٹینک بنڈ پر ٹریفک کے رخ میں تبدیلی سے مسائل

ٹریفک جام سے عوام کو مشکلات ، مناسب انتظامات نہ کرنے کی شکایت
حیدرآباد ۔ 22 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ٹینک بنڈ پر ، ٹریفک کے رخ میں تبدیلی سے جو آئندہ پندرہ دن یا اس سے زیادہ دنوں کے لیے بند رہے گا ، ٹریفک جام کے مسائل پیدا ہورہے ہیں اور عوام کو مشکلات سے دوچار ہونا پڑرہا ہے ۔ ٹریفک جام کے شکار کئی شہریوں کو ٹریفک کے رخ میں تبدیلی کے لیے مناسب انتظامات نہ کرنے پر متعلقہ عہدیداروں کی شکایت کرتے دیکھا گیا بالخصوص ٹو وہیلر والوں کو گرمی کی شدت میں دشواری پیش آرہی ہے کیوں کہ شہر میں درجہ حرارت 45 ڈگری تک پہنچ گیا ہے اور یہ کئی لوگوں کے لیے ناقابل برداشت ہوگیا ہے جب کہ آفس جانے والے بری طرح متاثر ہورہے ہیں کیوں کہ انہیں ان کی منزل تک پہنچنے میں گھنٹوں تاخیر ہورہی ہے ۔ زیادہ تر ٹریفک کو بائبل ہاوز کے پیچھے تنگ گلی سے لوور ٹینک بنڈ کی طرف موڑا جارہا ہے جہاں گاڑیوں کی بڑی قطاریں دیکھی جارہی ہیں ۔ ٹریفک پولیس نے قبل ازیں اطلاع دی تھی کہ ٹینک بنڈ پر سڑک 22 تا 31 مئی بند رہے گی اور اگر ضرورت ہو تو اس میں مزید توسیع ہوگی ۔ حسین ساگر کو خوبصورت بنانے کے سلسلہ میں 2,375mm قطر ایم ایس ٹرنک سیورلین کو بچھانے کیلئے اس سڑک کو بند کیا جارہا ہے ۔۔