ٹینکر سے امونیا گیاس کا اخراج، 5 ہلاک ، 100 افراد زخمی

لدھیانہ، 13 جون (سیاست ڈاٹ کام) امونیا گیاس کے اخراج کے سبب 5 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے۔ ضلع لدھیانہ میں مضرت رساں امونیا گیاس ٹینکر سے نکلنے والے شعلے اور اس گیاس کے سونگھنے کے سبب بڑی تعداد میں لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ چیف منسٹر پنجاب پرکاش سنگھ بادل نے اس سانحہ والے واقعہ پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہاں سے تقریباً 25 کیلومیٹر دور دوراہا بائی پاس روڈ پر کنال کے قریب فلائی اوور میں یہ ٹینکر پھنس گیا۔ پانچ افراد کی موت گیاس سونگھنے کی وجہ سے ہوگئی اور 100 سے زائد افراد نے سانس لینے میں دشواری کی شکایت کی ہے۔ لدھیانہ پولیس کمشنر پرمود بان نے بتایا کہ متاثرہ افراد کو مختلف دواخانوں میں شریک کروایا گیا ہے۔ دو ، تین افراد کے ماسواء دیگر تمام کی حالت خطرہ سے باہر بتائی گئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ تمام مہلوکین مرد افراد ہیں۔ یہ ٹینکر گجرات لائنس پلیٹ کا حامل ہے اور یہ واقعہ دہلی۔ لدھیانہ شاہراہ پر پیش آیا۔ کھند کے ایس ایس پی گرپریت سنگھ گل نے بتایا کہ ڈرائیور کی لاپرواہی کے سبب حادثہ پیش آیا۔ ٹینکر فلائی اوور کے نیچے پھنس گیا اور اس کے ڈھکن کو نقصان پہنچا جس کی وجہ سے گیاس کا اخراج شروع ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ رات دیر گئے یہ حادثہ پیش آیا اور سڑک پر زیادہ ٹریفک نہیں تھی۔ ڈرائیور کو یہ دیکھنا چاہئے تھا کہ گاڑی اس فلائی اوور کے نیچے سے گزر سکتی ہے یا نہیں۔ اس دوران نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی چار ٹیمیں قریبی بتھنڈا مرکز سے روانہ کی گئیں تاکہ گیاس کا اخراج روکتے ہوئے ٹینکر کو بحفاظت نکالا جاسکے۔ دہلی میں ریسپانس فورس ہیڈکوارٹر کے بیان میں کہا گیا کہ پانی کا چھڑکاؤ کرتے ہوئے گیاس کے اخراج کا اثر زائل کیا گیا۔