ٹیم انڈیا کو صدر و نائب صدراور وزیراعظم کی مبارکباد

نئی دہلی ۔ 7 جنوری۔(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی آسٹریلیا میں پہلی سیریز فتح پر صدر رام ناتھ کووند اور وزیراعظم نریندر مودی اور دیگر قائدین نے مبارکباد دیتے ہوئے اس کو تاریخی کارنامہ قرار دیا ہے۔ صدر کووند نے ٹوئیٹر کے صدارتی اکاؤنٹ میں لکھا کہ ’’آسٹریلیا میں پہلی ٹسٹ سیریز فتح ، ویراٹ کوہلی اور ان کی ٹیم کے ہندوستانی کرکٹ کے ایک اہم قطعی حد تک رسائی پر مبارکباد ۔ شاندار بیٹنگ ، طوفانی بولنگ اور بہتر ٹیم مساعی نے ہمیں فخر کا موقع فراہم کیاہے ‘‘ ۔ وزیراعظم مودی نے اپنے پیغام میں کہاکہ ’’آسٹریلیا میں کرکٹ کا ایک تاریخی کارنامہ ! سخت جاں جدوجہد اور بے پناہ مطلوبہ و مستحقہ سیریز فتح پر ہندوستانی کرکٹ ٹیم کومبارکباد ‘‘ ۔ نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو ، کانگریس کے صدر راہول گاندھی ، متعلقہ ریاستوں کے چیف منسٹروں اور دوسروں نے بھی مبارکباد دی ۔