نئی دہلی 9 جون (پی ٹی آئی) مرکزی حکومت نے غیرمجاز ٹیلی فون ٹیاپنگ سے متعلق اپنے حلیف اور تلگودیشم پارٹی کے صدر چندرابابو نائیڈو کی طرف سے عائد کردہ الزامات پر اُن کی مدد کیلئے آگے آتے ہوئے آج کہاکہ یہ ایک ’سنگین مسئلہ‘ ہے۔ حکومت نے کہاکہ اس ملک پر کئی ریاستوں کے ذریعہ حکمرانی کی جاتی ہے۔ حکومت کا یہ مشورہ ہے کہ چیف منسٹر کے دفتر کے احترام کو ہر کسی کی جانب سے ملحوظ رکھنے کی ضرورت ہے۔ وزیر ٹیلی کام روی شنکر پرساد نے کہاکہ ’’اِس ملک کے وزیر ٹیلی کام کی حیثیت سے مجھے یہ کہنے دیجئے کہ اگر وہ (نائیڈو) اپنے موبائیل فون کی غیر مجاز ٹیاپنگ کے الزامات عائد کررہے ہیں تو بھی یہ (ٹیلی فون ٹیاپنگ) ایک سنگین مسئلہ ہے‘‘۔ آندھراپردیش کے چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو سے متعلق آڈیو ٹیپ میں نوٹ برائے ووٹ اسکام میں توڑ جوڑ کے ذریعہ اُن کی آواز شامل کرنے کے الزامات پر وزیر ٹیلی کام نے کہاکہ ’’میں سمجھتا ہوں کہ یہ ملک کئی ریاستوں کی طرف سے چلایا جاتا ہے اور چیف منسٹر کے دفتر کے تقدس کا احترام کرنے کی ضرورت ہے‘‘۔