واشنگٹن ۔ 2 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ ایسا معلوم ہوتا ہیکہ اقتدار کے نشہ میں اس قدر بدمست ہوگئے ہیں کہ انہیں عام آدمی کے علاوہ خود اپنے ہم رتبہ اشخاص کی بھی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ اگر اس خبر کا تفصیل سے مطالعہ کیا جائے تو انہوں نے پناہ گزینوں کو بازآباد کاری کے معاملہ میں کئے گئے ایک معاہدہ کو اپنے ٹوئیٹر پر ’’گونگامعاہدہ‘‘ سے تعبیر کیا۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ٹرمپ اپنے آسٹریلیائی ہم منصب مالکم ٹرنبل کیساتھ فون پر بات چیت کررہے تھے کہ اچانک انہوں نے درمیان میں ہی بات چیت روک دی کیونکہ انہوں نے آسٹریلیا میں آئے پناہ گزینوں کی بازآباد کاری پر نکتہ چینی کی تھی جس پر ٹرنبل نے بھی انکے ساتھ سخت لہجہ اپناتے ہوئے بات چیت کی۔ یاد رہیکہ آسٹریلیا کو امریکہ کا حلیف ملک قرار دیا جاتا ہے بلکہ امریکہ کی نام نہاد ’’پانچ آنکھوں‘‘ میں سے ایک آنکھ تصور کیا جاتا ہے جسکے تحت امریکہ حساس نوعیت کی معلومات کا تبادلہ بھی آسٹریلیا کیساتھ کرتا ہے لہٰذا دونوں قائدین کے درمیان ٹیلیفون پر ہونے والی بات چیت کے بارے میں بھی یہی خیال کیا جارہا تھا کہ یہ ہلکی پھلکی نوعیت کی ہوگی لیکن ایسا نہیں ہوا۔ یاد رہیکہ ٹرمپ نے صدر کے جلیل القدر عہدہ پر فائز ہونے کے بعد صرف چند عالمی قائدین سے بات چیت کی ہے جن میں وزیراعظم ہند نریندر مودی بھی شامل ہیں۔ تاہم انہوں نے خود اعتراف کیا کہ ٹرنبل کیساتھ ہوئی بات چیت بدترین نوعیت کی تھی۔