ممبئی ، 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) جئے دیو ٹھاکرے نے بمبے ہائی کورٹ میں دائر کردہ اپنے اُس مقدمہ سے آج دستبرداری اختیار کرلی جس کے ذریعے اُن کے آنجہانی والد و بانی شیو سینا بال ٹھاکرے کی وصیت کے جواز کو چیلنج کیا گیا تھا۔ جئے دیو نے 13 ڈسمبر 2011ء کو یہ وصیت کو چیلنج کیا تھا جس میں سینا کے سرپرست نے اپنے بیگانہ بیٹے کیلئے کچھ بھی وراثت نہیں چھوڑی۔ یہ مقدمہ نومبر 2012ء میں بال ٹھاکرے کے انتقال کے بعد دائر کیا گیا تھا۔ انھوں نے وصیت پر اعتراض میں کہا تھا کہ اُن کے والد ’’ذہنی طور پر اچھی حالت‘‘ میں نہیں تھے اور یہ کہ سربراہ سینا کے دیگر فرزند اُدھو ٹھاکرے اُن پر اثرانداز ہوئے۔ جئے دیو کے علاوہ سینا کے سرپرست نے اپنے تیسرے بیٹے بندومادھو ٹھاکرے (جو سڑک حادثہ میں مرگئے) یا اُن کی فیملی کیلئے بھی کچھ نہیں چھوڑا ہے۔ جمعہ کو داخل کردہ حلفنامہ میں جئے دیو نے کہا کہ وہ اس وصیت کی صداقت کی مخالفت کرنے والے اپنے مقدمہ کو اُدھو ٹھاکرے اور چار دیگر ارکان خاندان کے حق میں بند کردینا چاہتے ہیں۔ انھوں نے اپنے مقدمہ سے دستبرداری کیلئے کوئی وجہ نہیں بتائی۔جسٹس گوتم پٹیل نے اس حلفنامہ کو قبول کرلیا اور ضروری ہدایات جاری کئے۔