ٹکٹ کے مسئلہ پر ٹی آر ایس کی دھوکہ دہی کی تردید : دیوی پرساد

بعض سیاسی جماعتوں کے الزامات حقیقت سے بعید ، بے بنیاد بیانات کو بند کرنے کا مشورہ
حیدرآباد۔/29اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ این جی اوز کے صدر دیوی پرساد نے بعض سیاسی جماعتوں کے ان الزامات کو مسترد کردیا کہ ٹی آر ایس سربراہ چندر شیکھر راؤ نے میدک لوک سبھا حلقہ کے ضمنی چناؤ کے سلسلہ میں ٹکٹ کے مسئلہ پر ان سے دھوکہ دہی کی ہے۔اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے دیوی پرساد نے کہا کہ بعض پارٹیاں میدک کے ضمنی چناؤ میں سیاسی فائدہ حاصل کرنے کیلئے اس طرح کے الزامات عائد کررہی ہیں جن میں کوئی سچائی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میدک لوک سبھا حلقہ کے ٹکٹ کیلئے تلنگانہ ملازمین نے ٹی آر ایس صدر سے درخواست کی تھی تاہم موجودہ صورتحال میں ریاستی ملازمین کی تقسیم اور دیگر مسائل کے سبب ان کی خدمات کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے یونین کے صدر کی حیثیت سے برقرار رہنے کی صلاح دی جس پر تلنگانہ ملازمین نے ٹکٹ کیلئے اپنی دعویداری سے دستبرداری اختیار کرلی۔ دیوی پرساد نے کہا کہ اس مسئلہ کو بعض سیاسی جماعتیں غلط انداز سے پیش کرتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی ہیں۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے فائدہ کیلئے اس طرح کے بے بنیاد الزامات کا سلسلہ بند کریں۔ انہوں نے کہا کہ میدک لوک سبھا حلقہ کے ٹکٹ کے مسئلہ پر چیف منسٹر سے کوئی اختلافات نہیں ہیں اور نہ ہی وہ ناراض ہیں۔