ٹکٹ نہ ملنے پر خودکشی کرلینے ٹی آر ایس لیڈرکا انتباہ

حیدرآباد۔/10 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ تحریک میں خود کو آگ لگاکر زندگی قربان کرنے والے سریکانت چاری کی ماں شنکراماں نے انہیں ٹی آر ایس کا ٹکٹ نہ ملنے پر کارگذار وزیر برقی جگدیش ریڈی کی قیامگاہ کے سامنے جسم پر کیروسین چھڑک کر خود سوزی کرلینے کا انتباہ دیا ہے۔ ٹی آر ایس میں ٹکٹ سے محروم ہونے والے قائدین کی ناراضگیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ 2014 کے عام انتخابات میں ٹی آر ایس نے شنکراماں کو اسمبلی حلقہ حضور نگر سے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی کے خلاف امیدوار بنایا تھا۔ اس مرتبہ اسمبلی تحلیل کرنے کے بعد سربراہ ٹی آر ایس کے سی آر نے 105 امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔ اسمبلی حلقہ حضور نگر سے اتم کمار ریڈی کو شکست دینے کیلئے ٹی آر ایس قیادت شنکراماں کے بجائے کسی طاقتور قائد کو ٹکٹ دینے پر غور کررہی ہے۔ کارگذار وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے شنکراماں کو طلب کرکے بات چیت کی ہے اور انہیں ایم ایل سی بنانے کا بھی تیقن دیا ہے۔ تاہم شنکراماں مقابلہ کرنے کیلئے بضد ہیں۔ آج وہ تلنگانہ بھون پہنچیں اور پارٹی ٹکٹ سے محروم کرنے پر رو پڑیں۔ انہوں نے کارگذار وزیر برقی جگدیش ریڈی پر ان کا ٹکٹ کٹوانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ سربراہ ٹی آر ایس کے سی آر اور ان کے فرزند کے ٹی آر انہیں ٹکٹ دینے کے حق میں تھے تاہم جگدیش ریڈی ان کے بجائے این آر آئی سائدی ریڈی کو ٹکٹ دلوانے کی کوشش کررہے ہیں۔