ٹکنالوجی ماہرین کے پسندیدہ 10عالمی شہروں میں بنگلور سرفہرست، حیدرآباد بھی شامل

ممبئی۔/25جون، ( پی ٹی آئی) سافٹ ویر ٹکنالوجی کے ماہرین کے لئے عالمی سطح پر پسندیدہ ترین شہرکی حیثیت سے بنگلور ابھرا ہے اور اپنی مقبولیت میں جنوبی ہند کے اس شہر نے امریکی شہروں سیاٹل اور سان فرانسیسکو کے علاوہ آسٹریلیا کے ملبورن کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ نٹ ورکنگ سائٹ لنکڈ اِن کے مطابق سافٹ ویر پیشہ سے وابستہ افراد کیلئے دنیا کے 10سرکردہ پسندیدہ ترین شہروں میں بنگلور کے علاوہ پونے، حیدرآباد، چینائی اور گڑ گاؤں بھی شامل ہیں۔ دیگر عالمی شہروں میں امریکی شہر آسٹن اور آسٹریلیائی شہر سڈنی شامل ہے۔ لنکڈ اِن نے اپنے بلاگ پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’ ٹکنالوجی ہماری معیشت کی ترقی کا ایک ابتدائی و بنیادی ذریعہ ہے اور دنیا بھر کی حکومتیں اپنے شہروں میں ٹکنالوجی کی صلاحیت اور مہارت کے حامل پیشہ وروں کو راغب کرنے کیلئے سرمایہ کاری کررہی ہیں۔‘‘