واشنگٹن۔ 12؍اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ ٹکساس کا ایک صحت کارکن جس نے ایک ایسے شخص کا علاج کیا تھا جو بعد ازاں ایبولا وائرس کی وجہ سے ہلاک ہوگیا تھا، آج ابتدائی معائنہ کے نتیجہ میں اس وائرس سے متاثر پایا گیا۔ ڈاکٹر کے بموجب وہ امریکی سرزمین پر اس بیماری سے متاثر ہونے والا دوسرا شخص ہے۔ محکمہ صحت خدمات ٹکساس کے کمشنر ڈاکٹر ڈیوڈ لیکی نے کہا کہ یہ دوسرا واقعہ ہے جس میں ایک امریکی شہری ایبولا وائرس سے متاثر پایا گیا ہے اور ہم ہر امکانی صورتِ حال کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہیں۔ ڈلاس میں صحت کارکنوں کی ٹیم میں توسیع کی گئی ہے اور یہ لوگ اس وائرس کے مزید پھیلنے کے انسداد کے لئے جدوجہد میں مصروف ہیں۔ صحت کارکن مبینہ طور پر جمعہ کی رات ہلکا بخار محسوس کررہا تھا۔ اس کے طبی معائنہ کے بعد پتہ چلا کہ وہ ایبولا وائرس سے متاثر ہوچکا ہے، چنانچہ اسے دیگر مریضوں سے الگ تھلگ رکھا گیا ہے۔