ٹکر کیس : معائنہ کردہ خون سلمان خان کا نہیں : وکیل

ممبئی ۔ 16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ اداکارسلمان خان کے وکیل نے آج استغاثہ کے اس دعویٰ کو مسترد کردیا کہ 2002ء میں ٹکر دے کر فرار ہونے کے کیس میں سلمان خان حادثہ کے وقت نشہ میں تھے۔ وکیل نے کہا کہ خون کے معائنوں کا جو کیمیائی تجزیہ کیا گیا ہے، دراصل یہ خون سلمان خان کا نہیں ہے۔ سلمان خان کے وکیل سری کانت شیوڈے نے دعویٰ کیا کہ خون میں 62 ایم جی الکحل کی موجودگی کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے جبکہ یہ خون سلمان خان سے حاصل نہیں کیا گیا۔ کیمیائی تجزیہ کار کی پیشہ ورانہ قابلیت کا سوال اٹھاتے ہوئے وکیل نے کہا کہ خون کا معائنہ کرنے کیلئے مروجہ طریقہ کار کو روبہ عمل نہیں لایا گیا۔ عدالت نے تجزیہ کار کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے وکیل نے کہا کہ انہیں خون کا 4 ایم ایل نمونہ حاصل ہوا تھا اگرچہ کہ 6 ایم ایل خون معائنہ کیلئے سلمان خان سے حاصل کیا گیا تھا۔ یہ معائنہ فارنیسک سائنس لیباریٹری مضافاتی ممبئی میں کیا گیا تھا۔ اس نے خون کے معائنہ کیلئے بین الاقوامی معیارات کو ملحوظ نہیں رکھا۔