سیاسی مفادات کی خاطر اسکول کی منتقلی میں تاخیر کی جارہی تھی
حیدرآباد۔28ستمبر(سیاست نیوز) حلقہ اسمبلی کاروان کے علاقہ ٹپہ چبوترہ کے قدیم اسکول کی نئی عمارت جو گذشتہ ایک سال سے زائد عرصہ سے تعمیر مکمل ہونے کے باوجود محض بیت الخلاء کی عدم تعمیر کے سبب کرایہ کی مخدوش عمارت میں چلایا جا رہا تھا آج اس نئی عمارت میں محکمہ تعلیم کی جانب سے طلبہ کو منتقل کردیا گیا۔ گورنمنٹ پرائمری وہائی اسکول ٹپہ چبوترہ جو کہ کرایہ کی مخدوش عمارت میں چلایا جا رہا تھالیکن سیاسی مفادات کے تحت اس اسکول کی منتقلی میں تاخیر کی جا رہی تھی لیکن مقامی عوام کے علاوہ جناب سید عزیز پاشاہ سابق رکن پارلیمنٹ ‘ جناب عثمان بن محمد الہاجری ‘ مولانا سید طارق قادری کی جانب سے محکمہ تعلیم سے متعدد نمائندگیوں کے نتیجہ میں محکمہ تعلیم نے آج ان اسکولوں کو نئی عمارت میں منتقل کردیا ۔ اسکول کی نئی عمارت میں منتقلی کے موقع پر جناب عثمان بن محمد الہاجری کے علاوہ اسکول کے اساتذہ اور طلبہ و سرپرستوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ جناب عثمان بن محمد الہاجری نے اسکول کی منتقلی کو مقامی عوام کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک برس سے زائد اس عمارت کی تعمیر کی تکمیل کے باوجود مختلف وجوہات کی بنیاد پر بند رکھا گیا تھا لیکن اولیائے طلبہ و سرپرستوں کے دباؤ کے نتیجہ میں آج اس عمارت کو اسکول انتظامیہ کے حوالہ کردیا گیا۔ انہو ںنے محکمہ تعلیم کے عہدیداروں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں نے توجہ دہانی پر حرکت میں آتے ہوئے اردو اسکول میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد کو کم ہونے سے بچا لیا ہے۔اسکول کی نئی عمارت میں منتقلی کے موقع پر طلبہ میں شیرنی کی تقسیم عمل میں لائی گئی اور اسکول میں قرآن خوانی کا اہتمام بھی کیا گیا۔