ٹپہ سرکار عالی آج بھی مثالی

حیدرآباد ۔ 2 ۔ اپریل : ( نمائندہ خصوصی) : حیدرآباد دکن کو ہندوستان کی تمام دیسی ریاستوں میں اس بات کا اعزاز حاصل رہا کہ یہاں بینکنگ سرویس ، ڈاک خدمات ، ٹرین سرویس ، بس سرویس اور شہری ہوا بازی کی معیاری خدمات پیش کی جاتی تھیں ۔ اسی وجہ سے حیدرآباد دکن کو نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا کی متمول اور خوشحال ریاستوں ( مملکتوں ) میں شمار کیاجاتا تھا ۔ آصف جاہی دور میں پوسٹل ڈپارٹمنٹ کو خصوصی اہمیت حاصل رہی ۔ اس دور میں جب کہ بیل گاڑی حمل و نقل کے اہم ذرائع میں سے ایک تھی ۔ نظام پوسٹل سرویس میں گاڑیوں کا استعمال عام تھا جن پر اردو اور انگریزی میں ٹپہ سرکار عالی لکھا ہوتا ۔ ابتداء میں پوسٹ باکس کو زمین میں گاڑھا جاتا تھا ۔ اس پوسٹ باکس پر ڈاک لے جانے کے اوقات درج ہوتے تھے ۔ بعد میں بڑے بڑے پوسٹ باکس رکھے جانے لگے ۔ اس کے بعد ایک پلیٹ فارم پر پوسٹ باکس رکھنے کا زمانہ آیا اور اب تو یہ پوسٹ باکس برقی کھمبوں پر لٹکائے جارہے ہیں جس سے لگتا ہے کہ پوسٹ باکس کا دور ختم ہوگیا ہے ۔ لوگ انٹرنیٹ کا استعمال کرنے لگے ہیں ۔ ای میل کے ذریعہ چند سکنڈز میں خطوط و پیامات روانہ کئے جارہے ہیں ۔ واٹس اپ کے ذریعہ ہزاروں تصاویر کو بیک وقت بھیجا جارہا ہے ۔ فیس بک پر پیامات کا تبادلہ عمل میں آرہا ہے ۔۔