حیدرآباد 19 جنوری (سیاست نیوز) سیاست آرٹ گیلری کی نمائش خطاطی ملک بھر میں مقبولیت کا ریکارڈ قائم کررہی ہے اور مختلف شہروں سے نمائش آراستہ کرنے کا مطالبہ چل پڑا ہے۔ جناب ظہیر الدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر سیاست نے بتایا کہ علی گڑہ، لکھنو اور راجستھان کے ٹونک میں نمائش کیلئے مسلسل اصرار ہے اور اس ماہ 22 جنوری سے مولانا آزاد و عربی فارسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ٹونک راجستھان میں نمائش تین دنوں کیلئے آراستہ کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ علی گڑھ ، لکھنو میںماہ مارچ میں خطاطی کے شاہ کار نمونے عوام کیلئے پیش کئے جائیں گے ۔ ٹونک میںجو نمائش آراستہ کی جارہی ہے کارکنوں کا ایک وفد خطاطی کے نمونوں کے ہمراہ روانہ ہوچکا ہے
جہاں خطاطی کے نادر و نایاب وصلیاں نمائش میں رکھی جائیں گی ۔ جناب نعیم خطاط ، جناب فہیم خطاط، جناب عبدالناصر و قار اور جناب نصیر سلطان کی کشیدہ کاری سے مزین نمونے لگائے جارہے ہیں علاوہ ازیں اس موقع پر سالار جنگ میوزیم کی جانب سے بھی فارسی اور عربی کتبات سے مزین سکوں کی نقول کی نمائش کااہتمام بھی کیا جارہا ہے اور سالار جنگ میوزیم کے صدر شعبہ مخطوطات جناب احمد علی، جناب فرید اللہ شریف ریسرچ اسسٹنٹ ، جناب عیسی بن عبداللہ اس نمائش میں حصہ لے رہے ہیں۔ اس موقع پر ایک قومی سمینار بھی منعقد ہوگاجس میں ملک کے مشہور و معروف دانشور حصہ لے رہے ہیں۔ صاحبزادہ ڈاکٹر عبدالمعیدخان ڈائرکٹر مولانا آزاد ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اس نمائش اور سمینار کے داعی ہیں اور شاہی امام ٹونک مولانا محمد قمر اس سمینار کے انچارج ہیں۔