ٹول بوتھس توڑ پھوڑ معاملہ

ممبئی ۔ 29 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اب جبکہ مہاراشٹرا نو نرمان سینا (MNS) ورکرس کا ٹول بوتھس پر توڑ پھوڑ کا سلسلہ جاری ہے ، پونے کی رورل پولیس نے پارٹی سربراہ راج ٹھاکرے اور دیگر کے خلاف دو ایف آئی آر درج کی ہیں جو کھیڑ۔ شیوپور ٹول بوتھ اور کواڈی پاٹ ٹول پلازہ جو پونے ۔شولا پور شاہراہ پر واقع ہے، پر غنڈہ گردی اور توڑ پھوڑ کے خلاف درج کی گئی ہے۔ ممبئی میں کل پولیس نے راجیو گاندھی باندرہ ۔ ورلی سی لنگ پر واقع ٹول بوتھ پر غنڈہ گردی اور توڑ پھوڑ کرنے والے ایم این ایس کی 25 ورکس کو گرفتار کیا تھا ۔ دوسری طرف رائے گڑھ اور لونی کلجھور مستقرات جو پونے میں واقع ہیں، میں ٹھاکرے اور دیگر 17 افراد کے خلاف تشدد کو ہوا دینے والے افراد پر معاملات درج کئے گئے ہیں جبکہ پونے ۔

بنگلور شاہراہ پر بھی اسی نوعیت کی توڑ پھوڑ کے واقعہ پر معاملات درج کئے گئے ہیں۔ آخر الذکر واقعہ میں ریاستی اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کی بسوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ حکومت کی نگرانی یا حکومت کی اجازت کے ساتھ خانگی ایجنسیوں کے ذریعہ چلائے جانے والے ٹول بوتھس پر ریاست بھر کے آٹھ شہروں میں اتوار کی رات سے حملوں کا آغاز کیا گیا ہے ۔ گزشتہ کچھ دنوں کے اندر زائد از 70 سیاسی کارکنوں کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان اور وزیر داخلہ آر آر پاٹل نے اپیل کی ہے کہ ٹول بوتھس کو تشدد کا نشانہ نہ بنایا جائے ۔ یہ رپورٹس بھی ملی ہیں کہ مہاراشٹرا کابینہ ٹول کی شرحوں میں کمی کرنے کیلئے ایک اجلاس منعقد کرے گی ۔ یاد رہے کہ راج ٹھاکرے نے کچھ روز قبل اپنی ایک تقریر میں کہا تھا کہ عوام ٹول ٹیکس ادا نہ کریں اور اگر کوئی جبری طور پر وصول کرنا چاہئے تو اس کی شدید مخالفت کی جائے۔