ٹولی چوکی برج کے نیچے کچرے کا انبار ، ٹرافک اور صحت دونوں کے لیے مسائل

حیدرآباد ۔ 17 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ’ ٹولی چوکی نام ہی کافی ہے ‘ ایسے جملے سوشیل میڈیا پر نوجوانوں کی جانب سے پوسٹ کئے جاتے ہیں لیکن لگتا ہے کہ حقیقت میں ٹولی چوکی میں کئی بلدی مسائل ہیں اور ’ ٹولی چوکی نام ہی کافی ہے بلدی مسائل کے لیے ‘ میں تبدیل ہوتا دکھائی دے رہا ہے کیوں کہ آئے دن ٹولی چوکی کے کسی نہ کسی علاقے میں بلدی مسائل سے عوام پریشانی کا شکار ہیں ۔ تازہ ترین مسئلہ اب ٹولی چوکی کے چوراستے کا ہے جہاں ہر صبح کچرے کا انبار ماحول کو گندہ اور صحت کو متاثر کرنے کے علاوہ علاقے کی نیک نامی کو بھی متاثر کررہا ہے ۔ ٹولی چوکی کے برج کے نیچے جو نئی مارکٹ قائم ہوچکی ہے یہاں ہر دن کچرے کا انبار جمع ہوجاتا ہے ۔ مقامی نوجوان محمد سہیل خاں نے بتایا کہ کہ سڑک سے گذرنے والے افراد تو یہاں کچرا ڈالتے ہی ہیں اب تو اطراف کے دکانات والے اور مقامی افراد بھی یہاں کچرا ڈالنے لگے ہیں ۔ جس سے کچرے کے انبار کے علاوہ گندگی بھی پھیل رہی ہے ۔ چوراستہ پر کچرا ڈالنے سے سڑک تنگ ہورہی ہے جب کہ یہاں مصروف اوقات میں ٹریفک بڑھ جاتی ہے ۔ دوسری جانب ٹریفک کے بڑھ جانے اور سڑک پر کچرے کے انبار سے راستہ تنگ ہونے کے باوجود ٹریفک پولیس اس راستے پر ٹریفک شنکس (رکاوٹیں ) لگا دیتی ہیں جس سے مسائل اور بھی سنگین ہوجاتے ہیں ۔ جی ایچ ایم سی نے کچرے کی نکاسی کے لیے آٹوز کا انتظام کیا ہے لیکن یہ انتظام اس مسئلے کا حل نہیں ہے کیوں کہ آٹوز کی ناکافی تعداد اور کبھی کبھی روزانہ کی اساس پر آٹوز غائب ہوجانے سے کچرا مزید مسائل پیدا کردیتا ہے ۔۔۱