ٹولی مسجد وقف جائیداد کے تحفظ کے لیے کمیٹی تشکیل

ناجائز پلاٹنگ روکنے کے لیے کل جماعتی قائدین کی مساعی ، مشاورتی اجلاس
حیدرآباد ۔ 26 ۔ جون : ( راست ) : ٹولی مسجد کے تحت موقوفہ اراضی جس پر وقف ٹریبونل کا حکم التواء ہے اور ہائی کورٹ میں بھی مقدمہ زیر دوراں ہے ۔ مفاد پرست عناصر جن کو سیاسی سرپرستی حاصل ہے ۔ قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے 30 ہزار روپئے فی مربع گز وقف زمین کو فروخت کررہے ہیں ۔ اس گھناونی سازش کے خلاف جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست کی صدارت میں 25 جون بروز چہارشنبہ گولڈن جوبلی ہال احاطہ سیاست میں کل جماعتی مشاورتی اجلاس برائے تحفظ ٹولی مسجد کا انعقاد عمل میں آیا ۔ صدر اجلاس جناب زاہد علی خاں نے کہا کہ ٹولی مسجد کی موقوفہ اراضی کو بچانے کے لیے مولانا فرید الدین صابریؒ نے اپنے ذاتی مصرف سے مقدمات لڑے اور آخری سانس تک اس مسجد کی اراضی کو بچانے کی جدوجہد کرتے رہے ۔ مولانا کے انتقال کے بعد ادارہ سیاست نے اس وقف زمین کو بچانے کی جدوجہد میں شامل جہدکاروں کی مکمل سرپرستی کرتا آرہا ہے ۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ٹولی مسجد کی موقوفہ اراضی کو لینڈ گرابرس سے بچانے کے لیے کل جماعتی کمیٹی تحفظ برائے ٹولی مسجد بنائی جائے اور تمام جماعتوں کے قائدین مل کر حکومت پر دباؤ ڈالیں کہ جس طرح چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے سی آر نے ماضی میں جو وعدے کئے ہیں وقف جائیدادوں کے تحفظ کے لیے ان سے نمائندگی کرتے ہوئے اس سلسلے میں فوری مداخلت کرتے ہوئے جس طرح گروکل ٹرسٹ کے تحفظ کے لیے کارروائی کی گئی اسی طرح ٹولی مسجد کی اراضی کا بھی تحفظ کیا جائے ۔ مولانا حامد محمد خاں صدر ایم پی جے نے کہا کہ ٹولی مسجد کے مقدمے میں ایم پی جے بھی فریق بنتے ہوئے وقف جائیداد کے تحفظ کے لیے ہر طرح سے خدمت کے لیے تیار ہے ۔ جناب محمد سراج الدین صدر مایناریٹی ڈپارٹمنٹ تلنگانہ کانگریس نے کہا کہ ٹولی مسجد کی زمین پر ناجائز قبضہ کرنے والے عناصر کے خلاف سوسائٹی کے ساتھ شانہ بشانہ مل کر جدوجہد کی جائے گی ۔ جس طرح ماضی میں کانگریس حکومت میں بھی وہ تحفظ اوقاف کے لیے پارٹی کی مخالفت کی پرواہ کئے بغیر وقف جائیدادوں کے تحفظ کے لیے تعاون کئے ۔ ٹولی مسجد کے تحفظ کے لیے بھی ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں ۔ جناب سید طارق قادری ایڈوکیٹ نے قانونی مدد دینے کا وعدہ کیا ۔ چیف منسٹر سے اس سلسلے میں فوری نمائندگی کے لیے مشورہ دئیے ۔ جناب میر عنایت علی باقری جنرل سکریٹری ٹی آر ایس نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں چیف منسٹر سے لینڈ گرابرس کے خلاف سخت کارروائی کے لیے نمائندگی کریں گے ۔ جناب عثمان بن محمد الہاجری جنرل سکریٹری نے ٹولی مسجد سے متعلق تاریخی حقائق سے حاضرین کو واقف کروایا اور کہا کہ ملت فروش ٹولہ جس نے اپنی آخرت کو بیچ دیا دنیا کے بدلے میں یہی عناصر آج اللہ کے گھروں کی موقوفہ جائیدادوں کو تباہ کررہے ہیں جن کو ان کے آقاؤں کی سیاسی سرپرستی بھی حاصل ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ سیاسی سرپرستی میں پرورش پانے والے ان عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کے علاوہ عوامی بیداری کے لیے جدوجہد کی جائے تاکہ ان شیاطین کے اصل چہرے عوام کے سامنے آجائیں ۔ اجلاس میں شریک دیگر قائدین جن میں جناب محمد یوسف جنرل سکریٹری ٹی آر ایس گریٹر حیدرآباد ، جناب ثنا اللہ جنرل سکریٹری ٹی پی ایف ، جناب سکندر ہاشمی ایم بی ٹی ، جناب الیاس شمسی بی ایس پی ، جناب یوسف ہاشمی قائد تلنگانہ کانگریس پارٹی ، اجلاس کے اختتام پر جناب ایم اے باسط سابق کارپوریٹر و نائب صدر گریٹر حیدرآباد تلگو دیشم پارٹی نے تمام قائدین و حاضرین سے اظہار تشکر کیا ۔ وقف جائیدادوں کی حفاظت کے لیے دلچسپی رکھنے والے درد مندان ملت نے کثیر تعداد میں اس مشاورتی اجلاس میں شرکت کی اور اس جدوجہد میں شمولیت کے لیے اپنے نام پیش کئے ۔۔