نئی دہلی۔/7جولائی، ( پی ٹی آئی) سابق مرکزی وزیر چرنجیوی کے بیٹے رام چرن کی حیدرآباد میں واقع ٹوربو میگا ایرویز کو شہری ہوا بازی کے ادارہ ڈائرکٹوریٹ جنرل سیول ایویشن کا لائسنس حاصل ہوگیا۔ اس طرح گزشتہ دو سال کے دوران علاقائی ایر لائنس کے آغاز کیلئے لائسنس حاصل کرنے والی یہ چوتھی کمپنی بن گئی۔ جس میں تلگو فلموں کے اداکار چرنجیوی کے بیٹے رام چرن کا جزوی حصہ ہے۔ یہ ادارہ ٹرو جٹ کے برینڈ نام پر اپنی پروازیں چلائے گا۔ شہری ہوا بازی کی ڈائرکٹر جنرل ایم ستیہ وتی نے آج یہاں منعقدہ ایک تقریب میں جس میں وزیر شہری ہوا بازی اشوک گجپتی راجو نے بھی شرکت کی ٹوربو میگھا کے منیجنگ ڈائرکٹر ایم رومیش کو لائسنس پیش کیں۔ اس موقع پر معتمد ہوا بازی راجیو نارائن چوبے اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ اشوک گجپتی راجو نے کہا کہ ’’ ہم اس نئی ایرلائنس کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ اس کمپنی نے اپنی اساسی پروازوں کے آغاز سے قبل گوداوری پشکرم کے موقع پر پروازیں چلانے کا منصوبہ بنایا ہے‘‘۔ ٹروجٹ نے حیدرآباد سے چینائی، بنگلور اور راجمندری تک پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رام چرن کی کمپنی نے اس ایر لائنس پر دو کروڑ امریکی ڈالر ( تقریباً 126کروڑ روپئے ) کی سرمایہ کاری کی ہے۔