شاہ غوث ہوٹل گچی باولی معاملہ میں مداخلت کی خواہش
حیدرآباد۔14مئی (سیا ست نیوز) ٹوئن سٹیز ہوٹل اسوسی ایشن کے ذمہ داروں نے آج وزیر داخلہ جنا محمد محمود علی سے ملاقات کرکے ہوٹل شاہ غوث گچی باؤلی معاملہ میں مداخلت کی خواہش کی اورانہیں حقائق سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ ہوٹل کی پارکنگ اراضی مجلس بلدیہ و ٹریفک پولیس کی جانب سے جبرا حاصل کرکے ہوٹل کے روبرو رکاوٹیں کھڑی کردی گئی جس کے سبب ہوٹل کا کاروبار متاثر ہورہا ہے۔ اسوسی ایشن کے ذمہ دار جناب عزیز ظفر ‘ جناب محمد عبدالخالق افسر‘جناب عبدالسلیم‘ جناب ناصر بلور‘ جناب حسین بلوکی‘ جناب خلیل و دیگر موجود تھے۔جناب ارشد علی خان رکن تلنگانہ اقلیتی کمیشن نے وفد کی وزیر داخلہ سے ملاقات کرواتے ہوئے ان کے مسائل سے واقف کروایا جس پر جنا ب محمد محمود علی نے ان کی شکایات کی سماعت کے بعد متعلقہ حکام سے تفصیلات کے حصول اور ان کے مسئلہ کے حل کا تیقن دیا۔ جناب ربانی مالک شاہ غوث ہوٹل اور ان کے بھائی جناب غوث پاشاہ نے وزیر داخلہ کو صورتحال سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ مختلف محکمہ جات کی ہراسانی کے سبب گچی باؤلی میں تجارت کرنا دشوار ہوتا جا رہاہے اور پولیس اور جی ایچ ایم سی کی کاروائی سے ہوٹل کو نقصان کا سامنا ہے لیکن ہراسانی کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہوٹل پارکنگ کو جے سی بی کے ذریعہ توڑ کر پارکنگ کے حصہ کو سڑک میں شامل کرلیا گیا اور ہوٹل کے روبرو جی ایچ ایم سی اور ٹریفک پولیس کی جانب سے سمنٹ کی ڈیوائیڈر کی رکاوٹیں کھڑی کردی گئی جس کے سبب گاہکوں کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔