ٹمپابے (امریکہ) 25اپریل (سیاست ڈاٹ کام )اداکار انیل کپور نے بین الاقوامی ہندوستانی فلم اکیڈیمی کی نمائش کا ٹمپا کنونشن سنٹر میں افتتاح کیا ۔ اس موقع پر ہندوستان اور امریکہ کے بزنس ،مصنوعات اور خدمات ایک ہی چھت تلے نظر آئیں گی ۔ تین روزہ نمائش ایک منفرد پلاٹ فارم فراہم کرتی ہے تا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت و ثقافت کو فروغ دیا جاسکے۔ نمائش میں زیورات ،عروسی ملبوسات ،دستکاری کے شاہکار مصوری کے شاہکاروں کے علاوہ ہندوستانی پکوان بھی پیش کئے جارہے ہیں۔ شرکا میں انیل کپور کے علاوہ پرینکا چوپڑہ اور سوناکشی سنہا ہندوستانی سنیما اور ثقافت پیش کرنے میں آگے ہیں۔ کامیاب ہندوستانی فلموں کی نمائش کی جائیگی ۔ پرینکا چوپڑہ نے کہا کہ یہ تقریب ہندوستانی سنیما کی سمندر پار پیشکش نہیں ہے بلکہ بیرون ملک ہندوستانی تہذیب و ثقافت کا منفرد نمونہ پیش کرنے کے بارے میں ہے ۔
کانگو کے تہذیبی شو میں بھگدڑ
23 افراد ہلاک
کنشاسا 25اپریل (سیاست ڈاٹ کام )جنوب مغربی کانگو میں ایک تہذیبی تقریب کے دوران جس میں ایک مقبول عام گلوکار کو تہنیت پیش کی جارہی تھی اسٹیڈیم تاریکی میں ڈوب گیا جس کی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی۔ 2 بجے شب برقی سربراہی منقطع ہونے کی وجہ سے مکمل طور پر تاریکی چھا گئی اور پروگرام میں شرکت کرنے والے الجھن زدہ ہوکر اندھا دھند دوڑنے لگے جس کی وجہ سے 23 افراد کچلے گئے اور برسر موقع ہلاک ہوگئے ۔یہ تہذیبی پروگرام اتوار تک جاری رہنے والا تھا لیکن آج کے سانحہ کی وجہ سے باقی پروگرام منسوخ کردیا گیا ۔ آج صبح تقریب کی کارروائی کا آغاز خاموشی کے ساتھ ہوا تھا لیکن لوگ واضح طور پر صدمہ کی وجہ سے خاموش نظر آرہے تھے ۔زخمیوں کی درست تعداد کا ہنوز پتہ نہیں چل سکا ۔