حیدرآباد 31جولائی (یواین آئی ) پکوان کی اہم شئے ٹماٹر کی قیمت جو 100روپئے فی کلو تک جاپہنچی ہے ، آئند ہ چند دنوں میں کمی کا امکان ہے کیونکہ جنوبی ہند اور دوسری ریاستوں سے سپلائی کی صورتحال بہتر ہوگئی ہے ۔انڈین کونسل آف اگری کلچر ریسرچ کے ایک افسرنے یہ بات بتائی۔تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کے علاوہ ملک کے کئی حصوں میں ٹماٹر کی قیمتوں میں ایک ماہ پہلے زبردست اضافہ ہوگیا تھا اور اب بھی وزارت امور صارفین کے ڈیٹا کے مطابق ٹماٹر کی قیمت 100روپئے فی کلو گرام ہے ۔ تقریباً تین ماہ پہلے ٹماٹر جو 15 تا 30 روپئے فی کلو کے حساب سے فروخت کیا جاتا تھا اب اس کی قیمت میں 3 گنا سے بھی زائد اضافہ ہوگیا ہے ۔ ٹما ٹر کی قیمت اب بڑھ کر 100 تا 110 روپئے فی کلو ہوگئی ہے ۔ ایسے افراد جو روزانہ اپنے گھر کو 3 تا 4 کلو لے جایا کرتے تھے ‘ اب صرف آدھا کلو ٹماٹر پر ہی اکتفا کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ حالانکہ ٹماٹر تقریباً ہر سالن کی لازمی شئے ہے اور اسے باورچی خانہ کی زینت بھی سمجھا جاتا ہے ۔