حیدرآباد 27جنوری (یو این آئی) شہر حیدرآبادمیں ٹماٹر کی قیمتوں میں کمی بیشی گزشتہ ایک ہفتہ سے دیکھی جارہی ہے جس کے نتیجہ میں صارفین کے لئے مسرت اور کسانوں کے لئے مشکل صورتحال پیداہوگئی ہے ۔حیدرآباد اور اس کے اطراف کی مارکٹس میں ٹماٹر کی قیمت میں گراوٹ کے نتیجہ میں کسان برادری پر اس کا منفی اثر دیکھا جارہا ہے ۔ٹماٹر جو گزشتہ ہفتہ 25تا 35روپئے فی کیلو کے حساب سے فروخت کیا جاتا تھا ،اب 6تا10روپئے کیلو کے حساب سے فروخت کیا جارہا ہے ۔مہدی پٹنم رعیتو بازار میں کسان فی کیلو ٹماٹر پانچ روپے کے حساب سے فروخت کر رہے ہیں۔ان کسانوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ انہیں ان کی پیداوار کی منتقلی کی قیمت بھی وصول نہیں ہورہی ہے ۔ان کسانوں نے قیمتوں میں اچانک کمی پر حیرت کا اظہار کیا ہے ۔ان کسانوں نے الزام لگایا کہ درمیانی افراد اس قیمت میں اتارچڑھاؤ کے لئے ذمہ دار ہیں۔شہر حیدرآباد کی شمس آباد مارکٹ میں بھی ایسی ہی صورتحال پائی جاتی ہے جہاں اطراف کے مواضعات کے کسان کم قیمت پر ٹماٹر فروخت کر رہے ہیں ۔مناسب پانی کی وجہ سے جاریہ سال کسانوں نے بڑے پیمانہ پر ٹماٹر اگائے جس کے نتیجہ میں اس کی قیمت میں گراوٹ ہوگئی ہے ۔اس طرح کسانوں کو ان کی پیداوار پر نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے ۔ان کسانوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پیداوار کے لئے لگائی گئی قیمت بھی ان کو وصول نہیں ہورہی ہے ۔