ٹسٹ ڈرائیو کے بہانے نوجوان ہارلی ڈیوڈسن گاڑی لے کر فرار

حیدرآباد ۔ یکم ستمبر (سیاست نیوز) شہر کے پاش بنجارہ ہلز میں آج ایک حیرت انگیز واقعہ اُس وقت پیش آیا جب لاکھوں روپئے قیمتی موٹر سیکل ہارلی ڈیوڈسن کو ٹسٹ ڈرائیو کے بہانے نوجوان لے کر فرار ہوگیا۔ تفصیلات کے بموجب بنجارہ ہلز روڈ نمبر 2 ساگر چوراہا پر واقع ہارلی ڈیوڈسن شوروم کو ایک نوجوان شام 4 بجے پہونچا اور خود کو سافٹ ویر انجینئر ظاہر کیا اور جوبلی ہلز روڈ نمبر 23 کا ساکن ہونے کا دعویٰ کرکے لاکھوں روپئے کی تنخواہ سے 6 لاکھ مالیتی ہیرلی ڈیوڈسن موٹر سیکل خریدنے کا ارادہ ظاہر کیا ۔ اس نے کریڈٹ کارڈ بھی بتایا اور فوری گاڑی خریدنے کا ادعا کیا ۔ شوروم عملہ نے اُسے ٹسٹ ڈرائیور کیلئے نئی ’ہارلی ڈیوڈ سن اسٹریٹ 750‘ حوالہ کی۔ نوجوان گاڑی لے کر رفو چکر ہوگیا اور شوروم کا عملہ نوجوان کی واپسی کا انتظار کرتا رہ گیا۔ کافی انتظار کے بعد انتظامیہ نے نوجوان کے فراہم کردہ موبائیل پر ربط کرنے کی کوشش کی لیکن وہ ناکارہ ثابت ہوا۔ شوروم منیجر نے بنجارہ ہلز پولیس میں شکایت درج کرائی۔ انسپکٹر بنجارہ ہلز مرلی کرشنا نے بتایا کہ نوجوان کے خلاف سرقہ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کردی گئی۔