ٹریڈ یونینوں کی 10 مارچ کو ملک گیر ہڑتال

مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی مخالف ورکرس پالیسیوں اور لیبر قوانین کے خلاف احتجاج
نئی دہلی ۔ 29 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : سنٹرل ٹریڈ یونینں بشمول بی جے پی سے ملحقہ بھارتیہ مزدور سنگھ نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ 10 مارچ کو ملک گیر سطح پر ہڑتال کی جائے تاکہ مرکزی اور بعض ریاستی حکومتوں کی مخالف ورکرس پالیسیوں اور لیبر اصلاحات کی آڑ میں قوانین میں تبدیلی کے خلاف صدائے احتجاج بلند کیا جائے ۔ تمام سنٹرل ٹریڈ یونینوں کا اجلاس 27جنوری کو منعقد کیا گیا اور مرکزی اور بعض ریاستی حکومتوں کی مخالف ورکرس پالیسیوں کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کا عہد کیا گیا ۔ اس خصوص میں 11 مزدور تنظیموں نے ایک صحافتی اعلامیہ جاری کیا ہے ۔ مذکورہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ 12 نکاتی مطالبات منشور پر عمل آوری سے گریز اور حکومت کی جانب سے از سر نو بات چیت سے انکار کے خلاف 10 مارچ 2016 کو کل ہند یوم احتجاج منایا جائے ۔ ٹریڈ یونینوں نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ مارچ کے آخری ہفتہ میں تالکٹورہ اسٹیڈیم نئی دہلی میں ورکرس کا قومی کنونشن منعقد کیا جائے ۔ جس میں محنت کشوں کی جدوجہد کے لیے آئندہ کے لائحہ عمل کو قطعیت دی جائے گی ۔ ٹریڈ یونینوں نے یہ جائزہ پیش کیا کہ محنت کشوں کے معیار زندگی اور کام کے حالات بگڑتے جارہے ہیں ۔ اس کے باوجود حکومت لیبر قوانین میں ترمیم ، عوامی شعبہ کے اداروں سے سرمایہ کی نکاسی اور اہم شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کی اجازت کے لیے پیشرفت کررہی ہے ۔ صحافتی بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ حکومت ، مخالف ورکرس لیبر قوانین میں ترمیم انتظار کرنا نہیں چاہتی ہے اور قانون سازی کے ذریعہ محنت کشوں کے حقوق غضب کرلینے کی کوشش میں ہے ۔ حتی کہ ریاستی حکومتوں کو ہدایات جاری کی گئی ہے کہ انتظامیہ موافق ترامیم کو روبعمل لایا جائے ۔

اس خصوص میں ٹریڈ یونینوں نے مرکزی لیبر سکریٹری کی جانب سے 12 جنوری 2016 کے مجریہ ہدایات کی مذمت کی ہے ۔ جس میں حکومت کی ترغیبی اسکیم کے تحت قائم نئی صنعتی یونٹوں ( اسٹارٹ اپ ۔ انٹرپرونرس ) کو مرممہ لیبر قوانین کے دائرہ کار سے استثنیٰ دیا گیا ہے ۔ جو کہ ورکرس کے حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔ علاوہ ازیں ٹریڈ یونینوںنے متفرق شعبوں بشمول بینکس ، دفاع ، کوئلہ ، بندرگاہ اور گودی ، ٹیلی مواصلات کے ورکرس اور ملازمین اور آنگن واڑی ورکرس کے دیرینہ مطالبات پر جدوجہد سے اظہار یگانگت اور مرکزی حکومت کے ایمپلائز بشمول ریلویز کی ساتویں تنخواہ کمیشن کی امتیازی سفارشات کے خلاف مجوزہ احتجاج کی حمایت کی ۔ ٹریڈ یونینوں نے ملک بھر کے محنت کشوں اور ملازمین سے پر زور اپیل کی ہے کہ 20 مارچ کو ایک روزہ ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لیے کمربستہ ہوجائیں ۔۔