ٹرین ۔ بس حادثہ پر تلگودیشم پارٹی کا اظہار رنج

حیدرآباد ۔ 24 جولائی ۔ ( سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی نے آج میدک کے ماسائی پیٹ کے قریب اسکول بس کے ٹرین سے ٹکرا جانے کے حادثہ پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی صدر تلگودیشم چندرابابو نائیڈو نے پارٹی قائدین مسرس ایل رمنا ، آر چندرشیکھر ریڈی اور ای پیدی ریڈی کو مقام واقعہ پر روانہ ہونے کی ہدایت دی ۔ تینوں نے ماسائی پیٹ پہونچ کر تفصیلات سے واقفیت حاصل کیں اور اس واقعہ میں مہلوک و زخمی طلباء کے افراد خاندان سے ملاقات کرکے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا ۔ شدید زخمی طلبا کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنے اقدامات کا آغاز کیا اور مہلوکین کے افراد خاندان کو فوری ایکس گریشیا فراہم کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔ تلگودیشم قائدین نے حادثہ کیلئے ریلوے کو ذمہ دار ٹہرایا اور کہا کہ عوام کی متعدد نمائندگیوں کے باوجود ریلوے لا پرواہی برتی ہے ۔ اگر عوامی نمائندگی پر فوری طورپر عمل کرکے ریلوے کراسنگ پر کسی ایک ملازم کو تعینات کیا جاتا تو شاید آج یہ واقعہ پیش نہیں آتا تھا لہذا اس واقعہ کی ذمہ داری کو قبول کرکے مہلوکین و شدید زخمی افراد کو ایکس گریشیا فراہم کرنے کا تلگودیشم قائدین نے چیف منسٹر ریاست تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ سے پرزور مطالبہ کیا اور آئندہ اس طرح کے حادثوں کے واقعات کا اعادہ نہ ہونے کیلئے موثر اقدامات کرنے کا محکمہ ریلوے سے پرزور مطالبہ کیا ۔