ٹرین پٹری سے اُترگئی‘19ہلاک 123زخمی

رائے گڑھ۔4مئی ( سیاست ڈاٹ کام )مہاراشٹرا کے ضلع رائے گڑھ میں کونکن ریلوے روٹ پر ایک پیسنجر ٹرین پٹریوں سے اُتر گئی جس کے نتیجہ میں 19 افراد ہلاک اور تقریباً 123زخمی ہوگئے ۔ یہ حادثہ نیدی گاؤں کے قریب ایک سرنگ کے بالکل باہر پیش آیا جب دیوا۔سوانت وادی پیسنجر ٹرین کا انجن اور چار ڈبے پٹری سے اُتر گئے ۔ ناگوتھانے اور روہا ریلوے اسٹیشن کے درمیان جو ممبئی سے 120کلومیٹر دور واقع ہے ‘ تقریباً 10بجے صبح یہ حادثہ پیش آیا ۔ پولیس نے بتایا کہ راحت کاری کارروائی شروع کردی گئی ہے اور بوگیوں کے نیچے پھنسے ہوئے مسافرین کو نکالنے کا کام جاری ہے ۔ رائے گڑھ پولیس کنٹرول روم کے مطابق 19مسافرین ہلاک اور تقریباً 123زخمی ہوئے ۔ تاہم ریلوے ترجمان نے مہلوکین کی تعداد 9بتائی ہے۔ پولیس نے کہا کہ 10نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ناگوتھانے پرائمری ہیلتھ سنٹر بھیجا گیا ہے ۔

ان نعشوں کی ہنوز شناخت نہیں کی گئی ۔ دو نعشوں کو آٹوپسی کیلئے گورنمنٹ ہاسپٹل روہا لے جایا گیا ۔اس حادثہ کے بعد کونکن ریلوے روٹ پر ٹرین خدمات معطل کردی گئی ہے ۔ گذشتہ ماہ بھی مال گاڑی پٹری سے اترجانے کی وجہ ٹرین خدمات متاثر ہوئی تھی ۔ پولیس کے مطابق زخمی مسافرین کو علاج کیلئے روہا لے جایا گیا ۔ ریلویز نے حادثہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور وزیر ریلوے ملکارجن کھرگے نے مہلوکین کے ورثاء کو فی کس 2 لاکھ روپئے ‘ بری طرح زخمی افراد کو فی کس 50ہزار اور معمولی زخمی ہونے والوں کو فی کس 10ہزار روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا ہے ۔ریلوے بورڈ چیرمین ارونیندر کمار نے بتایا کہ کمشنر ریلویز سیفٹی چیتن بخشی اس حادثہ کی تحقیقات کریں گے اور وہ مقام حادثہ پہنچ گئے ہیں ۔ریلویز نے دو ہیلپ لائن تھانے اور پنویل میں قائم کئے ہیں۔ اس دوران ریلوے حکام نے بتایا کہ حادثہ کی وجہ سے بعض ٹرینوں کا رُخ موڑ دیا گیا اور بعض ٹرینوں کو جزوی طور پر منسوخ کردیا گیا ہے ۔