ٹرین میں ڈکیتی کا منصوبہ ناکام، پولیس جوان ہلاک

مونگیر ۔ 2 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام) : بہار کے ضلع مونگیر میں فراخا ۔ دہلی ایکسپریس کی ایک بوگی میں اسپیشل اکزلیری پولیس فورس کی گشتی ٹیم پر مشتبہ بدمعاشوں نے فائرنگ کردی جس میں ایک جوان ہلاک اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا ۔ ریلوے پولیس سپرنٹنڈنٹ جمال پور مسٹر اوما شنکر سنگھ نے بتایا کہ پولیس کی گشتی ٹیم بوگی نمبر S-7 میں داخل ہو کر 3 مشتبہ بدمعاشوں سے پوچھ تاچھ کررہی تھی کہ اچانک ایک بدمعاش دیسی ساختہ پستول سے ایک جوان سنتوش کمار پر فائرنگ کردی ۔ جس کے باعث وہ برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ یہ واقعہ وانا پور ریلوے ڈیویژن کے تحت جمال پور ۔ دسرت پور سیکشن کے درمیان پیش آیا جب دوسرا جوان روپ نارائن سنگھ نے مداخلت کی تو اس پر بھی فائرنگ کردی تھی ۔ تاہم یہ گولی جیب میں واقع ایک سکے (Coin) کو لگنے سے وہ بال بال بچ گیا ۔ اس واقعہ میں وہ معمولی زخمی ہوگیا ۔ یہ واقعہ دارالحکومت پٹنہ سے 70 کلو میٹر دور کل شب 3 بجے پیش آیا ۔ شبہ ہے کہ یہ بدمعاش ٹرین میں ڈکیتی کا منصوبہ رکھتے تھے ۔ فائرنگ کے بعد یہ بدمعاش ٹرین کی زنجیر کھینچ کر اتر گئے ۔ زخمی نوجوان کو لکی سرائے ہاسپٹل میں شریک کروایا گیا ہے ۔۔