ہوڑہ ( مغربی بنگال )۔/29ڈسمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) ہوڑہ۔ امرتسر اکسپریس ٹرین کے ایک کمپارٹمنٹ میں ایک نوعمر لڑکی کی عصمت ریزی کے الزام میں گرفتار نوجوان کو آج مقامی عدالت نے 4یوم کیلئے پولیس تحویل میں دے دیا ہے۔ گورنمنٹ ریلوے پولیس نے مدھو پور ریلوے اسٹیشن سے کل ملزم منجریز ترپاٹھی کو گرفتار کرلیا اور آج ہوڑہ چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ کورٹ میں پیش کرنے پر پولیس تحویل میں دے دیا۔ ترپاٹھی کو ویسٹرن کمانڈ ہیڈکوارٹرس کولکتہ میں متعین کیا گیا تھا جس نے ایک 14سالہ لڑکی کو شراب پلانے کے بعد عصمت ریزی کی تھی ۔لڑکی ہوڑہ اسٹیشن پر فوجیوں کے کمپارٹمنٹ میں سوار ہوگئی تھی۔ لڑکی کا الزام ہے کہ ترپاٹھی کے علاوہ دیگر دو فوجی جوانوں نے بھی عصمت ریزی کی ہے جو کہ مفرور ہیں۔ عدالت نے لڑکی کا بیان ریکارڈ کرنے کے بعد طبی معائنہ کیلئے روانہ کردیا۔آر پی ایف ہوڑہ سے ایک پیام روانہ کرنے پر مادھو پور اسٹیشن پر کل ٹرین کی تلاشی لی گئی اور ایک کمپارٹمنٹ میں مذکورہ لڑکی پائی گئی جس کی نشاندہی پر ترپاٹھی کو گرفتار کرلیا گیا۔ لڑکی کے والد نے یہ شکایت کی تھی کہ وہ مکان سے فرار ہوکر ٹرین میں سوار ہوگئی ہے۔