حیدرآباد۔28جولائی ( پی ٹی آئی) تلنگانہ کے ضلع میدک میں بلانگرانی ریلوے کراسنگ پر گذشتہ ہفتہ ہوئے ٹرین ۔ اسکول بس تصادم میں فوت ہونے والوں کی تعداد 17تک پہنچ گئی جب مزید ایک بچہ آج زخموں سے علاج کے دوران جانبر نہ ہوسکا ۔ اس دوران ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ دیگر پانچ کمسن طلبہ کی حالت ہنوز تشویشناک ہے ۔ یشودھا ہاسپٹل کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ ترون جو انتہائی تشویشناک حالت میں تھا‘ حادثہ میں اس کے سرپر گہرے زخم آئے تھے آج شام فوت ہوگیا ۔ سکندرآباد میں واقع ہاسپٹل میں 20بچوں کو شریک کیا گیا تھا جہاں پانچ بچوں کی حالت تشویشناک ہے جب کہ دیگر 7 طلبہ جن میں چار لڑکیاں بھی شامل ہیں روبہ صحت ہورہے ہیں‘ ان کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے ۔ 3تا 9سال کی عمر کی دو لڑکیوں اور پانچ لڑکوں کو آج ڈسچارج کردیا گیا ۔ یشودھا ہاسپٹل کے ڈائرکٹر ( میڈیکل سروسیس ڈاکٹر اے لنگیا نے یہ اطلاع دی) ۔