نئی دہلی۔ 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ٹرین کے سفر کو ایک نئی شکل دینے کی کوشش کرتے ہوئے وزارت ِ ریلوے ،ٹرینوں کا نام مشہور ادبی خدمات سے موسوم کرنے کی تجویز پر غور کررہی ہے۔ اس کے ذریعہ نہ صرف مصنفین بلکہ جن علاقوں سے ان کا تعلق ہے اس کی بھی پہچان ہوگی۔ چنانچہ مغربی بنگال کا سفر کرنے والے مسافرین بہت جلد ایسی ٹرین میں سفر کریں گے جسے مہاشیوتا دیوی کی ناول سے موسوم کیا جائے گا۔ اسی طرح بہار کے مسافرین رام دھاری سنگھ دنکر کی لکھی کتابوں کے نام سے موسوم ٹرین میں سفر کریں گے۔ یہ تجویز وزیر سریش پربھو نے پیش کی تھی۔ ان کا یہ موقف تھا کہ ریلوے ملک میں سیکولرازم کی ایک مثال ہے اور ٹرینوں کو ایسے نام سے موسوم کیا جانا چاہئے جنہوں نے تہذیبی شناخت بنائی لہذا ٹرینوں کو مختلف علاقوں میں اپنی زبان میں نمایاں خدمات انجام دینے والے مصنفین کے کام سے موسوم کیا جائے گا۔