ٹریفک ہوم گارڈس کی غیر معمولی انسانی ہمدردی

ضعیف شخص کی جان بچالی ، کمشنر پولیس سے انعام
حیدرآباد ۔31جنوری ( سیاست نیوز) حیدرآباد ٹریفک پولیس سے وابستہ دو ہوم گارڈس نے آج غیر معمولی انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ضعیف شخص کی جان بچالی ۔ پرانا پل چوراہے پر ڈیوٹی انجام دینے والے ہوم گارڈس بابا خان اور چندن سنگھ نے ایک ضعیف شخص جس کے قلب پر اچانک حملہ ہونے کے نتیجہ میں گرپڑا تھا اسے ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور اس کے سینے کو مسلسل دباتے ہوئے اس کی سانس بحال کی ۔ پرانا پل چوراہا جو پرانے شہر کا مصروف ترین علاقہ ہے پرضعیف شخص کی فی الفور مدد اور اس کی جان بچانے پر عوام نے ان کی ستائش کی ۔ جب کہ مریض کو فوری 108ایمبولنس میں دواخانہ منتقل کیا گیا ۔ مقامی عوام نے ہوم گارڈس کی جانب سے فراہم کی گئی مدد کی تصویر کشی کی اور اسے سوشل میڈیا پر عام ہونے کے نتیجہ میں کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر وی وی سرینواس راؤ ہوم گارڈس کو فی کس پانچ ہزار روپئے نقد رقم انعام کا اعلان کیا ۔