ٹریفک والینٹرز کی خدمات قابل ستائش

سڑک حادثات میں زخمی افراد کی امداد و مستحسن کام ، کمشنر پولیس کا بیان
حیدرآباد /14 مئی ( سیاست نیوز ) سڑک حادثات میں زخمی شہریوں کی مدد کرنے والے افراد کی ہر ممکنہ مدد کی جائے گی ۔ بلکہ انہیں کسی بھی مشکل کا شکار ہونے پر مکمل طور پر بچالیا جاے گا ۔ یہ بات کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر وی سی سجنار نے بتائی ۔ انہوں نے آج یہاں اپنے جاری کردہ بیان میں ان ٹریفک والینٹرز کی خدمات کی ستائش کی جنہوں نے دو مختلف مقامات پر پیش آئے سڑک حادثات میں زخمی افراد کی مدد کی انہیں فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے دواخانوں کو منتقل کیا جس کے سبب ان کی جان بچ گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ نلہ گنڈلہ اور موکلہ علاقوں میں سڑک حادثات پیش آئے ۔ نلہ گنڈلہ علاقہ میں اپنی خدمات کے بعد مکان واپس جارہے وید ساگر جگدیش نے اس حادثہ کو غور کیا اور فوری ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد زخمیوں کو ہاسپٹل منتقل کردیا ۔ یہ ٹریفک والینٹر سافٹ ویر ملازم ہے جو سائبرآباد سیکوریٹی کونسل کی جانب سے چلائے جارہے ہیں ۔ ٹریفک والینٹر گروپ کا ایک رکن ہے ۔ سائبرآباد سیکوریٹی کونسل جو سافٹ ویر کمپنیوں کا ایک گروپ ہے ۔ جو سائبرآباد پولیس کے زیر نگرانی چلایا جانیو الا ادارہ ہے ۔ اس سے ملازمین سماجی بھلائی کیلئے جٹ رہے ہیں ۔ حادثات پر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ٹریفک والینٹرز وید ساگر اور موکلہ علاقہ کے زخمیوں کی مدد کرنے والا راج شیکھر دونوں نے حادثات کی اطلاعات کو واٹس ایپ گروپ میں شیر کیا اور کمشنر نے فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ عہدیداروں کو جائے مقام پر روانہ کردیا ۔ بعد ازاں اپنے جاری کردہ بیان میں کمشنر پولیس سائبرآباد نے شہریوں کو اس بات کا یقین دلایا کہ وہ ایسے شہری کو کوئی پریشانی ہونے نہیں دیں گے جو سڑک حادثات میں تڑپتے اور بے سہارا افراد کی مدد کریں گے ۔ عام طور پر سڑک حادثات میں زخمی افراد کی مدد کرنے کے لئے اکثر شہری بے چین ہوجاتے ہیں اور ان کے دل میں تڑپ بھی رہتی ہے لیکن قانونی رسہ کشی کے سبب یہ لوگ مدد کرنے سے گھبراتے ہیں ۔ پولیس کمشنر نے ایسی شہریوں کو جو مدد کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں انہیں بھرپور تعاون کا یقین دیا اور کہا کہ آپ کا جذبہ اور خدمت کی حساسیت کسی کی جان بچا سکتی ہے ۔